حالیہ سینٹ انتخابات میں امراء کی جانب سے بولیوں نے قومی سطح پر سیاست کو داغدار بنا دیا ہے، امیر حیدر ہوتی

بدھ 7 مارچ 2018 13:38

حالیہ سینٹ انتخابات میں امراء کی جانب سے بولیوں نے قومی سطح پر سیاست ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رکن قومی اسمبلی امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ حالیہ سینٹ انتخابات میں امراء کی جانب سے بولیوں نے قومی سطح پر سیاست کو داغدار بنا دیا ہے، ہم دعویٰ سے کہتے ہیں کہ اے این پی نے سینٹ انتخابات میں نہ کوئی ووٹ بیچا اور نہ کوئی خریدا، ہم دعویٰ تو نہیں کرتے مگر اپنے پروردگار سے اتنی امید ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے نتائج میں عوامی نیشنل پارٹی کے بغیر کوئی سیاسی جماعت صوبہ میں حکومت نہیں بنا سکے گی، سینٹ انتخابات پر بہت سے سوال اٹھے اور اٹھ رہے ہیں مگر اچھا ہوا کہ سینٹ انتخابات مکمل ہوئے اور غیر یقینی کی فضاء کا خاتمہ ہوا، صوبہ میں حکمران جماعت جس نے تبدیلی اور کرپشن کے خاتمہ کے دعوے کئے تھے، نے خود تسلیم کیا ہے کہ اس کے 18 ایم پی ایز نے سرمایہ داروں کے ہاں اپنی وفاداریاں تبدیل کیں، سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی خرید و فروخت دونوں انتہائی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

وہ کھلابٹ ٹائون شپ میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری و سابق کونسلر طارق محمود خان کے والد کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شوکت مشوانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی پر تنقید نہیں کرتے مگر ہم نے اپنے دور میں جتنی بڑی تعداد میں اجتماعی کام کئے اتنے آج تک کسی دوسری جماعت نے شاید ہی کئے ہوں مگر جب عوام کے انفرادی مسائل حل نہ ہوں تو عوام کے گلے شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1913ء کے انتخابات ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج تھے، ملک بھر میں دوسری سیاسی جماعتیں ووٹ مانگ رہی تھیں اور اپنی انتخابی مہم چلا رہی تھیں جبک ہم اپنے شہداء کے جنازے اٹھا رہے تھے، ہمارے لئے ایسا ماحول بنایا گیا کہ پارٹی کے قائدین اور امیدوار تو دور کی بات پارٹی کے کارکنوں کو بھی الیکشن مہم سے روکا گیا، ہمیں دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا دی گئی، ہم نے پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :