پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں فلم، میوزک اور کھیلوں نے بحالی کا سفر شروع کر دیا ہے، یہ سفر کٹھن ہے مگر شروع ہو چکا ہے، کھیل ہی واحد ذریعہ ہے جو تمام چیلنجز سے گذرنے کا حوصلہ اور ہمت دیتا ہے، کھیلوں اور فلم انڈسٹری کے ان چہروں جن کے ساتھ ہم آگے بڑھے ہیں انہیں ایک مرتبہ پھر پاکستان کے تشخص اور تاثر کی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پی ٹی وی سپورٹس کے نئے پروگراموں کا مقصد ملک میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی اور دیگر کھیلوں کو فروغ دینا ہے، پی ٹی وی عدم برداشت کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، پی ٹی وی نے کبھی اپنے ناظرین کو مایوس نہیں کیا، پروگراموں کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی معاونت قابل ستائش ہے

وزیر مملکت مریم اورنگزیب کا پی ٹی وی سپورٹس کے نئے پروگراموں کے اجراء کی تقریب سے خطاب

منگل 6 مارچ 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں فلم، میوزک اور کھیلوں نے بحالی کا سفر شروع کر دیا ہے، یہ سفر کٹھن ہے مگر شروع ہو چکا ہے، کھیل ہی واحد ذریعہ ہے جو تمام چیلنجز سے گذرنے کا حوصلہ اور ہمت دیتا ہے، کھیلوں اور فلم انڈسٹری کے ان چہروں جن کے ساتھ ہم آگے بڑھے ہیں انہیں ایک مرتبہ پھر پاکستان کے تشخص اور تاثر کی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پی ٹی وی سپورٹس کے نئے پروگراموں کا مقصد ملک میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ ہاکی اور دیگر کھیلوں کو فروغ دینا ہے، پی ٹی وی عدم برداشت کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، پی ٹی وی نے کبھی اپنے ناظرین کو مایوس نہیں کیا، پروگراموں کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی معاونت قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

وہ پی ٹی وی سپورٹس کے نئے پروگراموں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابط و کھیل ریاض حسین پیرزادہ، سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا کے علاوہ مختلف کھیلوں کے نامورکھلاڑیوںکی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔ پی ٹی وی سپورٹس کی کامیابی کے مراحل میں پی ٹی وی کی پوری ٹیم کے کردارکو سراہتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات سنبھالنے کے بعد پی ٹی وی کو بہتر کرنے کے لئے سیکرٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا کو ٹاسک سونپا گیا جو انہوں نے بہتر انداز میں پورا کیا اور آج پی ٹی وی بہتر نظر آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے قومی ہیروز کو ساتھ دیکھ رہے ہیں ان کے ساتھ ہی ہم آگے بڑھے ہیں، یہ ہمارے فیملی ممبر کے طور پر نظر آتے ہیں ، اس لئے ہماری نسل میں آج کی نسل سے زیادہ تحمل اور برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 30,35 سالوں کے دوران دہشت گردی کے باعث ہمارے فنکار ‘میوزک اور کھیلوں کے چہرے بھی خاموش ہوگئے تھے، حکومت کی بہتر حکمت عملی کے باعث اب امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے جس سے ملک میں دوبارہ کھیلوں ‘میوزک ‘فلم انڈسٹری بحالی کے سفر پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے وڑن کے تحت وفاق کے اٹھائے گئے اقدامات، صوبائی حکومتوں کے تعاون اور مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن و امان کی صورتحال کافی حد تک بہتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور جسمانی سرگرمیوں سے انسان میں تحمل پیدا ہوتا ہے۔ کھیلوں کے فروغ کا سہرا پی ٹی وی سپورٹس کے سر ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کھیلوں کے پروگرام زیادہ تر براہ راست دکھائے جائیں گے۔ پاکستان ٹیلی ویژن نے کبھی اپنے ناظرین کو مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے کھیلوں میں کردار پر بھی پروگرام شروع کئے جا رہے ہیں۔