گوادر اور سی پیک ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، عبدالقدوس بزنجو

گوادر کی ترقی اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لاکھڑا کرے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 6 مارچ 2018 22:53

گوادر اور سی پیک ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ، عبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ گوادر اور سی پیک ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں گوادر کی ترقی اور سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لاکھڑا کرے گا یہ بات انہوں نے منگل کے روزیہاں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میا ں نواز شریف نے دورہ گوادر کے دوران گوادر اور سی پیک منصوبوں کیلئے فنڈ کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا مگر پلاننگ کمیشن بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تاخیری حربے استعمال کررہاہے ۔اسی طرح فنڈزکی عدم فراہمی کی وجہ سے کوئٹہ پیکج پر کوئی عملدارآمد نہیں کیا گیاا نہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے سے پسماندہ اور احساس محرومی کا شکار صوبہ ہے فنڈز کی عدم فراہمی سے نہ صرف یہاں کے عوام ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہونے کا خطرہ ہے بلکہ یہاں کے لوگوں میں وفاق کی جانب سے صوبے اور عوام کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کا نظریہ پختہ ہوتاجا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی توجہ اس اہم درپیش مسائل کی جانب میں نے خود دلائی ہے اور انہیں اسی بات کا نوٹس لینے کی درخواست کی کل وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم اسلام آباد میں ہونے والے پلانگ کمیشن کے اجلاس میںیہ اہم معاملات اٹھایئںگے انہوں نے توقع ظاہرکی کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے جاری منصوبوں کیلئے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فنڈز کا اجراء جلد ازجلد کریگی جس سے وفاق کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کے ذہن میں اٹھنے والے شکوک و شبہات ختم ہوجائیں گے اور بلوچستان میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف صوبہ بلکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا ہم عوام کے خادم ہیں۔اور بلوچستان کی ترقی ،خوشحالی اورحقوق پر کسی قسم کوئی سودا بازی نہیں کرینگے۔

متعلقہ عنوان :