وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی زیر صدارت سوئی گیس ،نیشنل بینک، وزارت خزانہ،پاک چین سرمایہ کار کمپنی اور سٹیل ملز کے حکام کا اجلاس،

سٹیل ملز کو درپیش مالی مشکلات اور ملز کے ذمہ واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے سلسلہ میں بھر پور تعاون کیا جائے،دانیال عزیز کی ہدایت

منگل 6 مارچ 2018 22:53

وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی زیر صدارت سوئی گیس ،نیشنل بینک، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے سوئی سدرن گیس کمپنی ،نیشنل بینک آف پاکستان، وزارت خزانہ،پاک چین سرمایہ کار کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان سٹیل ملز لمیٹڈ کے حکام کے اجلاس کی صدارت کی ۔ جس میں پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے مجوزہ لیز ماڈل کے طریقہ کار سے پہلے کے امور اور سٹیل ملز کے ذمہ واجب الادا بڑی رقومات کے زیر التواء مسئلے کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو نجکاری بارے کابینہ کی کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے بارے میں بتایا جس میں سٹیل ملز کی بڑی بڑی واجب الادا رقوم کے اموربارے تبادلہٴ خیال کیا گیا تھا ۔ نجکاری بارے کابینہ کی کمیٹی نے پرائیویٹائزیشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری اور تنظیم نو کا عمل شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اور نجکاری کمیشن کے چیئر مین دانیال عزیز نے متعلقہ شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر واجبات کی ادائیگی کے کے لئے جامع حل کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔

وفاقی وزیر نے این بی پی ،ایس ایس جی سی اور فنانس ڈویژن کو ہدایت کی کہ سٹیل ملز کو درپیش مالی مشکلات اور ملز کے ذمہ واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے سلسلہ میں بھر پور تعاون کیا جائے جس پر این بی پی ،ایس ایس جی سی اور فنانس ڈویژن کے حکام نے وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ سٹیل ملز کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے ۔ وفاقی وزیر نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی5ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے ضمن میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔