چئیر مین سینٹ کا انتخا ب، وفاقی حکومت بھی متحرک

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو مشاورت کے لئے کل اسلام آباد بلا لیا

منگل 6 مارچ 2018 22:48

چئیر مین سینٹ کا انتخا ب، وفاقی حکومت بھی متحرک
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2018ء) چئیر مین سینٹ کے انتخا ب کیلئے وفاقی حکومت بھی متحرک ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو مشاورت کے لئے آج(بدھ کو ) اسلام آباد بلا لیا ہے ، بلوچستان سے آزاد امیدواروں کی بطور سینٹر کامیابی کے بعد بڑی سیاسی جماعتیں اپنا سینٹ چیئر میں منتخب کروانے کیلئے ان سے مسلسل رابطے میں ہیں وزیراعظم کی جانب سے وزیر اعلی میر عبدالقدوس بزنجو کو اسلام آباد بلانا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو نے کے بعد ن لیگ سینٹ میں بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے دوسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی اور تیسرے نمبر پر تحریک انصاف ہے ۔(ن) لیگ کو سینٹ چیئرمین بنانے کیلئے محض 19 ووٹ درکار ہیں دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے درمیان بھی متفقہ طور پر سینٹ چیئرمین لانے کیلئے مذاکرات جاری ہیں جبکہ (ن ) لیگ ہر صورت میں اپنا چیئرمیں منتخب کر انا چاہتی ہے ، اس سلسلے میں ن لیگ بلوچستان اور فاٹا سے آزاد منتخب سینیٹرز سے رابطے میںہے ،یوں آزاد حیثیت سے منتخب ہونیوالے سینیٹرز کی اہمیت بڑھ گئی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) بلوچستان سے اپنا ایک سینیٹر بھی منتخب نہیں کروا سکی ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر بلوچستان کے وزیر اعلی کو مشاورت کیلئے آج اسلام آباد طلب کر لیا ۔ (ن) لیگ اپنے چیئرمین کی حمایت کے بدلے ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ آفر کر سکتی ہے ۔ ۔