جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی

چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا صحافیوں کے اعزاز میں الوداعی ظہرانے سے خطاب

منگل 6 مارچ 2018 22:27

جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ، غیر جمہوری رویے اور غیر جمہوری سوچ ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ، پارلیمان کو محفوظ اور مضبوط رہنا ہے اور اس کا واحد راستہ جمہوری اور ترقی پسند پاکستان سے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافتی برادری کے اعزاز میں منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں الوداعی ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں رضا ربانی نے کہا کہ میڈیا سے ان کی رفاقت 20سالا پرانی ہے جب وہ پہلی بار پارلیمنٹ ہائوس میں سینیٹرکی حیثیت سے منتخب ہوکر آئے اور تب سے یہ سیاسی رشتہ نبھا یا ہے اور آئندہ بھی نبھا ئیں گے۔ ہم سب سیاسی کارکن ہیں اور ایک نظریے ، خیال اور تصور کے لیے جو پاکستان کی بنیاد بنا تھااور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی اگست کی تقریر میں واضح کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس نظریے کی بقاء کے لیے ہم سب نے جدوجہد کی اور جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے حقو ق کی فراہمی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے ملکر جدوجہ دشروع کی تھی اورمقاصد کے حصول کیلئے کوڑے کھائے ، قید و بند صعوبتیں برداشت کیں اور پھانسی کے پھندے کو خوشی سے چوما۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا گیا ۔

اگر اداروں کی طرف سے پابندی لگائی گئی یا تنخواہوں کے مسائل سامنے آئے تو صحافی برادری کے ساتھ سڑکوں پر نکلے اور تاریخ میں پہلی بار پارلیمانی رپورٹرز نے سوچا کہ کسی جانے والے چیئرمین کو الوداعی پارٹی دیں ۔ یہی وہ رشتہ ہے جو ہم سب کو ایک ساتھ رکھے ہوئے ہے۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ ایک کارکن کی حیثیت سے مجھے زیادہ آزادی ملے گی کہ میں جمہوریت کے فروغ اور قانون کی بالا دستی کے لیے منصب کی قید سے بالا تر ہوکر کام کروں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وہ دن بھی یاد ہے جب پارلیمنٹ کے باہر ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ سینیٹر اعتزاز احسن اور میرے سر پر ڈنڈے برسائے گئے اور مجھے 12ٹانکے بھی لگے تھے ۔ یہ سب جمہوریت کے فروغ کے لیے تھااور جمہوریت کے فروغ کیلئے یہ جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک صحیح معنوں میں پاکستان کو جمہوری ملک نہیں بنایا جاتا۔ انہوں نے تمام میڈیا افراد کا 3سال تک بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

ظہرانہ تقریب سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بہزاد سلیمی نے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ کا صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میاں رضاربانی نے جس طرح سینٹ اجلاس کی کاروائی چلائی اس کی مثال نہیں ملتی۔معروف صحافی و کالم نگار حافظ طاہر خلیل نے بھی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی کی قانون سازی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے 3سالوں میں جتنی موثر قانون سازی کی گئی اور چیئرمین سینٹ کی طرف سے مختلف معاملات پر دی گئی رولنگ قابل تعریف ہے ۔

پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور ممبران نے چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا ظہرانے دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی پارلیمانی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور شیلڈ بھی دی۔ ظہرانہ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق، سینیٹرز تاج حیدر، کلثوم پروین، کرنل (ر) سیّد طاہر حسین مشہدی دیگر پارلیمنٹرین کالم نگاروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :