کراچی،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا ادارہ نور حق میں قائم پبلک ایڈ سیکریٹیریٹ کا دورہ

پبلک ایڈ کے مرکزی ذمہ داران او رممبران سے ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی سرگرمیوں اور کوششوں سے آگاہی حاصل کی اور ان کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا

منگل 6 مارچ 2018 22:17

کراچی،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا ادارہ نور حق میں قائم پبلک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ادارہ نور حق میں قائم جماعت اسلامی کراچی کے پبلک ایڈ سیکریٹیریٹ کا دورہ کیا۔پبلک ایڈ کے مرکزی ذمہ داران او رممبران سے ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی سرگرمیوں اور کوششوں سے آگاہی حاصل کی اور ان کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا۔

سراج الحق کو پبلک ایڈ کمیٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،پبلک ایڈ کراچی کے صدر اور جماعت اسلامی کے شہری و بلدیاتی امور کے نگران سیف الدین ایڈوکیٹ ، جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی نے گزشتہ چندسالوں کے دوران مثالی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کیاہے اور کراچی کے ڈھائی کروڑ شہریوں کے دیرینہ اور اہم مسائل کو اجاگر کیا ہے اور ان کو حل کرانے کی ہرممکن کوشش اور جدوجہد کی ہے بالخصوص کے الیکٹرک اور نادرا کے خلاف زبردست عوامی جدوجہد کے نتیجے میں شہریوں کو ریلیف دلایا ہے ،جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی سنجیدگی ،اہلیت اور صلاحیت کو ثابت کیا ہے اور اپنی حیثیت اور عوامی طاقت کو منوایا ہے ،جماعت اسلامی نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ عوامی مسائل کی جدوجہد میں ہم پیچھے ہٹنے او ربھاگنے والے لوگ نہیں ہیں ،ہم عوام کے اندر موجود ہیں اور آج جب شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے اور عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی ،جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ہم ایک بار پھر عبدالستا ر افغانی اور نعمت اللہ خان کی طرح کراچی کی خدمت کریں گے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ شہر بھر میں پبلک ایڈ کے دفاتر موجود ہیں اور عوام ان دفاتر میں آکر رجوع کررہے ہیں اور پبلک ایڈ کے ذمہ داران اور کارکنا ن کے توسط سے عام شہریوں کی حکومتی اداروں اور ذمہ داران تک رسائی ممکن ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں ہر یوسی کے اندر یوتھ الیکشن کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے انتہائی نچلی سطح پر یوتھ لیڈر شپ کو آگے لایا جائے گا او رنوجوان عوام کے مسائل حل کرائیں گے۔

قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہر ماہ لاکھوں افراد کسی نہ کسی حوالے سے ہم سے رابطہ کرتے ہیں۔ پبلک ایڈ کے مرکزی دفتر میں عوا م کا رش لگا رہتا ہے ،کے الیکٹرک ،نادرا ،پبلک ٹرانسپورٹ ،سڑکوں کی خستہ حالی اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے ہم نے مختلف ڈیسک قائم کی ہوئی ہیں جن کے ذریعے مسائل زدہ عوام کی مدد اوررہنمائی کی جاتی ہے،عوام کو سیاسی ، اخلاقی اور قانونی امداد اور مشاورت بھی فراہم کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے عوامی جدوجہد سب کے سامنے ہے اس کے اثرات اور ثمرات سے عوام واقف ہیں۔ ہم نے ان دونوں اداروں کے حوالے سے کام ختم نہیں کیا ہے بلکہ اب بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور ہم آئندہ بھی عوام کے ترجمان بنیں گے اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔#