سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے آئینی ترمیم متعارف کرائیں گے، فواد چوہدری

ن لیگ اور پی پی کو اس حوالے سے آمادہ بھی کریں گے جمہوریت کے مستقبل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکالنا ہو گا ، ترجمان پی ٹی آئی

منگل 6 مارچ 2018 21:45

سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کیلئے آئینی ترمیم متعارف کرائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کے لئے آئینی ترمیم متعارف کرائیں گے اور ن لیگ اور پی پی کو اس حوالے سے آمادہ بھی کریں گے۔گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے مستقبل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکالنا ہو گا ، سینیٹ کا موجودہ طریقہ انتخاب اسے متحرک رکھنے کا طریقہ پورا نہیں کر رہا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے 16 ایم پی ایز کا نام گرے ایریا میں آیا ہے،ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین اسمبلی کے خلاف کا رروائی سیاسی نہیں بلکہ فوجداری قانون کے تحت ہو گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دیگر جماعتوں کی طرح آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھ سکتی ، ہم سینیٹ انتخابات کے لئے آئینی ترمیم متعارف کرائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کا موجودہ نظام صرف ہارس ٹریڈنگ کو فروغ دے رہاہے ، اس حوالے سے ہم براہ راست انتخابات یا پھر متناسب نمائندگی کی طرف جائیں گے۔

شریف فیملی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات کو کل چھ ماہ مکمل ہو رہے ہیں ، اب تک سامنے آنے والی شہادتوں میں واضح ہے کہ نوازشریف نے پاکستان سے 16 کمپنیوں کے ذریعے پیسے باہر بھیجے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ریکارڈ پر ہے کہ نیلسن اور نیسکول نامی کمپنیاں ایون فیلڈ کی اصل مالک ہیں ،جن کا فرنٹ مین اسحاق ڈار ہے۔