سینیٹ انتخابات میں ثابت ہو گیا ہے کہ انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں ‘سراج الحق

سینیٹ کے انتخابات میں جن پررشوت کے الزامات ہیں ، الیکشن کمیشن ان الزامات کی مکمل انکوائری کرے‘امیر جماعت اسلامی

منگل 6 مارچ 2018 22:12

سینیٹ انتخابات میں ثابت ہو گیا ہے کہ انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن سینیٹ کے کامیاب امیدواروں کو بلا کر بیان حلفی لے کہ انہوں نے ووٹ نہیں خریدے ، الیکشن کمیشن تماشائی بنارہا تو عوام کا بیلٹ باکس سے اعتماد اٹھ جائے گا ،سینیٹ انتخابات میں ثابت ہو گئی ہے کہ انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں اور سیاست اور جمہوریت جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے گھر کی لونڈی ہے ، سینیٹ کے انتخابات میں جن پررشوت کے الزامات ہیں ، الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ ان الزامات کی مکمل انکوائری کرے اور پارلیمنٹ کو محض دولت مندوں کا اکھاڑہ بننے سے بچایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مولانا عارف شیرازی اور سجاد عباسی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں بادشاہت کے تحفظ کی بجائے اداروں کا استحکام ضروری ہے ۔ پاکستان میں سیاست ذات سے شروع ہو کر ذات پر ختم ہو جاتی ہے اور حکمران قومی مفادات کی بجائے ساری عمر ذاتی مفادات کے پیچھے بھاگتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں نظریاتی سیاست کی بجائے ذاتی مفادات کی سیاست کا چلن ہے جس میں عام آدمی کی بھلائی او ر مفاد کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ۔ عوام کے کندھے پر چڑھ کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے والے پانچ سال تک مڑکر عوام کو نہیں دیکھتے اور نہ انہیں عوام کی پریشانیوں اور مسائل سے کوئی سروکار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ غریب کی طاقت ہے اس طاقت کے ذریعے ہی ستر سال سے مسلط ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے ۔

الیکشن میں ظالموں کو ووٹ دینے کا مطلب ان کے ظلم کا ساتھ دینا ہے ۔ عوام جب تک اپنے حقیقی نمائندوں کو سامنے نہیں لائیں گے ، ظالم جاگیردار اور بے رحم سرمایہ دار ان کی گردنوں پر مسلط رہیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام مسلکی مسائل کا حل اسلام کے عد ل وانصاف کے نظام میں ہے ۔ عوام 2018 ء کے انتخابات میں دیانتدار اور باکردار قیادت کا انتخاب کریں ۔