پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے آزاد اراکین اور پی ٹی آئی سے رابطے تیز

پی ٹی آئی کا سینیٹ میں غیر مشروط طور پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا عندیہ، فاٹا کے آزاد اراکین سینیٹ نے ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مانگ لیا، پیپلزپارٹی کی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈووی والا کو بنانے کیلئے لابنگ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے فاٹا سے آزاد رکن سینیٹ انور کاکڑ کا نام سامنے آگیا

منگل 6 مارچ 2018 21:54

پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے آزاد اراکین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کیلئے آزاد اراکین اور پی ٹی آئی سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے سینیٹ میں غیر مشروط طور پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا عندیہ دیدیا۔ فاٹا کے آزاد اراکین سینیٹ نے ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ مانگ لیا۔ پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈووی والا کو بنانے کیلئے لابنگ شروع کردی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے فاٹا سے آزاد رکن سینیٹ انور کاکڑ کا نام سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر اپنا امیدوار کامیاب کرانے کیلئے سر توڑکوششیں شروع کردی ہیں ،گزشتہ روز پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ٹی آئی کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا اور پی ٹی آئی کی طرف سے واضح کردیا گیا ہے کہ ہم اپوزیشن کا ساتھ دینگے اور یہ ساتھ بھی غیر مشروط ہوگا پی ٹی آئی نہ تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ لے گی اور نہ ہی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا مطالبہ کرے گی لیکن اپوزیشن کا ساتھ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کی طرف سے گزشتہ روز فاٹا کے چھ آزاد اراکین کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا ان چھ اراکین نے تعاون کی صورت میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ مانگ لیا ہے۔ گزشتہ روز سینیٹر ہدایت اللہ نے اس بات کی تصدیق کہ ہم نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے عوض تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے لیکن پیپلزپارٹی کی طرف سے ابھی مشاورتی عمل جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی سینیٹر سلیم مانڈووی والا کو چیئرمین سینیٹ بنانے کیلئے کوششیں کررہی ہے جبکہ آزاد رکن سینیٹر انور کاکڑ کا نام ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے لیا جارہا ہے۔ اگرچہ پیپلزپارٹی کے پاس سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) سے کم نشستیں ہیں لیکن ہوم ورک کے لحاظ سے پیپلزپارٹی مسلم لیگ پر بھاری نظر آرہی ہے۔