پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی پوری دنیا کے لئے مثال ہے

سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا انٹرنیشنل اسلامی ریلیف آرگنائزیشن کے زیراہتمام آزاد کشمیر اور تھر کے لئے امدادی اشیاء روانہ کرنے کی تقریب سے خطاب ْڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری، وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب عباسی نے بھی خطاب کیا

منگل 6 مارچ 2018 14:35

پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی پوری دنیا کے لئے مثال ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2018ء) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعید المالکی نے کہاہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اوردونوں ممالک کی دوستی پوری دنیا کیلئے ایک مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کویہاں انٹرنیشنل اسلامی ریلیف آرگنائزیشن کے زیر اہتمام آزاد کشمیر اور صحراء تھر کے مستحق خاندانوں کے لئے امدادی اشیاء روانہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آزاد کشمیر اور صحرائے تھر کے مستحق خاندانوں کے لئے امدادی سامان پر مشتمل 14ٹرک روانہ کئے گئے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دوستی ‘ عقیدے ‘مذہب اور ثقافت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ‘ سعودی عرب اورپاکستان کے درمیان لازوال رشتے قائم ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک یکجان دو قالب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے مرحوم شاہ فیصل کے پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کا حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے ہم پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے مشکل کی اس گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ریلیف آرگنائزیشین کی خدمات ناقابل فراموش ہیں‘ زلزلہ ہو سیلاب ہو یا کوئی بھی قدرتی آفت ہو تنظیم نے ہر موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کا مرکز ہے اور اس طرح کے اقدامات سے اپنی حیثیت ثابت کرتا رہتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رفاہی کاموں میں سعودی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔وزیراعظم کے مشیر سردار مہتاب عباسی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی مشکل میں پاکستانی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونا سعودی حکومت اور عوام کا ہمیشہ سے طرہ امتیاز رہا ہے ۔

ہر مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستانی عوام ایک جان دو قالب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت شام ‘ فلسطین ‘ کشمیر اور یمن میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے ۔ سعودی عرب اور پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو مسلمانوں کے علاقوں میں جاری کشت و خون کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اسلام نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے ہمیں اسلام کے امن اور ترقی کے پیغام کو آگے بڑھانا چاہئے۔اس موقع پر اسلامی ریلیف آرگنائزیشن کے علاقائی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدہ عتین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آج امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کی جارہی ہے آنے والے دنوں میں مزید امدادی سامان روانہ کیا جائے گا۔