اس جدید گونگے فون کی مدد سے سمارٹ فون کی لت سے نجات پائیں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 5 مارچ 2018 23:53

اس جدید گونگے فون کی مدد سے سمارٹ فون  کی لت سے نجات پائیں

اسمارٹ فون کی "لت" سے چھٹکارا پانے کے لیے Light 2 نامی ایک جدید طرز کا "گونگا فون" ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جس میں بہت سادہ اور صرف ضروری فیچرز رکھے گئے ہیں۔
گذرے دنوں میں سادہ سے موبائل فونز صرف رابطہ قائم کرنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ لیکن بہت کم وقت میں اسمارٹ فونز نے لوگوں کی زندگی یکسر بدل کر رکھ دی۔ اس ایجاد سے لوگوں کی ہر ضرورت و سہولت صرف انگلی کے ایک ٹچ میں سمٹ کر رہ گئی لیکن اس کے  ساتھ ہی یہ اسمارٹ فونز بے سکونی و اضطراب کا باعث بھی بن گئے۔


 سمارٹ فون کے عادی افراد کا تمام تر وقت مختلف ایپس اور موبائل فیچرز کو استعمال کرنے میں ضائع ہوجاتا ہے، اس پہ بھی بے سکونی الگ۔ ایسے تمام افراد جو اسمارٹ فون کی "لت" سے دور رہنا چاہتے ہوں اور صرف ضرورت کے تحت موبائل فون رکھنا چاہیں ان کے لیے "لائٹ موبائل فون" لانچ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا اوریجنل ورژن 2015 میں سامنے لایا گیا تھا۔اسے صرف کال کرنے یا سننے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا لیکن اب حال ہی میں اس کے تخلیق کار جو ہولیئر اور کائی تانگ نے فیصلہ کیا کہ وہ اس کی کارکردگی میں تھوڑی سی بہتری لائیں گے ۔

لائٹ فون 2 کا نیا ورژن بھی پچھلے ورژن کی طرح چھوٹا اور جدید ہے لیکن اس میں پیغامات بھیجنے، الارم کلاک اور ایک ہیڈفون جیک کی سہولت میسر ہے۔ لائٹ فون 2 صرف 6.5 ملی میٹر جسامت کا ہے۔ یہ دیکھنے میں ایک کریڈٹ کارڈ کے برابر ہے۔آپ اسے جیب یا والٹ میں رکھ کر بھول جائیے اور بار بار چیک کرنے کی ضرورت تو بالکل نہیں ہے کیونکہ اس میں سوشل میڈیا سے ٹچ ان رہنے کا کوئی فیچر سرے سے ہی نہیں ہے۔

اس لیے آپ اپنی زندگی کو مفید سرگرمیوں میں مشغول رہ کر اور اپنوں کے ساتھ وقت گزار کر ہنسی خوشی رہ سکتے ہیں۔ لیکن ان خوشیوں کی قیمت اتنی سستی نہیں ہے، اس لائٹ فون 2 کی متوقع قیمت 400 ڈالر ہے، جو بہت سے اچھےسمارٹ فونز سے زیادہ ہے۔اس کے باوجود کمپنی نے  کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ انڈیگو پر ڈھائی لاکھ ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں 3 لاکھ 60 ہزار ڈالر جمع کر لیے ہیں۔


ایک کمپنی Flurry کی تجزیاتی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ امریکہ کے لوگ دن  میں  پانچ گھنٹے موبائل فونز  استعمال کرتے ہیں جبکہ  ایک ٹیک سپورٹ ادارے Asurion کا کہنا ہے کہ امریکی دن میں اوسطاً 80 مرتبہ اپنا موبائل فون چیک کرتے ہیں۔ تقریباً یہی حال باقی تمام ملکوں میں ہے۔سائنسدانوں کے نزدیک موبائل اسکرین کے سامنے اتنا زیادہ وقت گزارنا ہمارے دماغ پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے خاص طور پر بچوں کے لیے یہ حد سے زیادہ نقصان دہ ہے۔ گرچہ لائٹ فون 2 آپ کے اینڈرائیڈ یا آئی فون کا متبادل تو ثابت نہیں ہو سکتا مگر یہ آپ کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے میں آپ کی مدد ضرور کر سکتا ہے۔

اس جدید گونگے فون کی مدد سے سمارٹ فون  کی لت سے نجات پائیں