وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نیپال کے ممتاز قومی اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز کے چیف ایگزیکٹوز، افسران اور ایڈیٹرز کی ملاقات،

سی پیک میںگہری دلچسپی کا اظہار،ون بیلٹ ون روڈ میں شرکت سے نیپال میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

پیر 5 مارچ 2018 23:21

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے نیپال کے ممتاز قومی اخبارات اور ٹیلی ویژن ..
کھٹمنڈو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پیر کو نیپال کے ممتاز قومی اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز کے چیف ایگزیکٹوز، افسران اور ایڈیٹرز کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیش رفت سے متعلق جاننے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ نیپال 2016ء میں ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شامل ہوا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ میں نیپال کی شرکت سے ملک میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی نے وفد کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں امن و امان کی صورتحال میں مسائل کا شکار کراچی سمیت تمام شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک کی بلند معاشی شرح نمو اور ملک بھر میں 1700 کلو میٹر شاہراہوں اور موٹرویز کے نیٹ ورک کی تعمیر کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی استحکام اور جمہوریت کے نتیجے میں یہ ترقی ہوئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں نے نیپال میں میڈیا کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے پرامن انتقال اقتدار کے باعث اس میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا بہت کرشماتی اور فعال ہے کیونکہ ملک میں جمہوری اقدار اس کی آزادی کو یقینی بناتے ہیں۔ وفد میں اے بی سی نیوز نیپال، جناتا ٹیلی ویژن، گورکھا ایکسپریس اور نیاپتریکا نیشنل ڈیلی کے میڈیا چیفس شامل تھے۔