ہماری کامیابیوں کا راز درست حکمتِ عملی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی بہترین پالیسی اور جرات مندانہ اقدامات ہیں،

صنعتی شعبے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا،اپنے دوستوں کو پورے اعتماد کے ساتھ معدنیات، توانائی ، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، سیاحت، زراعت اور کان کنی سمیت کئی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، صدر مملکت ممنون حسین کا راولپنڈی چیمبرآف کامرس کی جانب سے سفارتکاروں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب

پیر 5 مارچ 2018 22:57

ہماری کامیابیوں کا راز درست حکمتِ عملی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی بہترین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پاکستان میں شاندار قانون سازی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان اس خطے میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی پر کشش ملک بن چکا ہے۔ ان ہی اقدامات کی وجہ سے پاکستانی برآمدات میں بتدریج اضافہ بھی ہو رہا ہے۔جی ڈی پی کی شرح پانچ اعشاریہ تین فیصد تک جا پہنچی ہے جو گزشتہ دس برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔

اس سے واضح ہوتا ہے کہ صورت حال میں خوش آئند تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ممنون حسین نے سفارتکاروں کے اعزاز میں راولپنڈی چیمبرآف کامرس کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سفراء اور چیمبر کے اعلیٰ عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صدرِ مملکت نے کہا کہ ہماری ان کامیابیوں کا راز درست حکمتِ عملی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی بہترین پالیسی اور جرات مندانہ اقدامات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ہونے والی جنگوں اور خونریزی کے نتیجے میں گزشتہ برسوں کے دوران ہمیں بے پناہ جانی و مالی نقصان اٴْٹھانا پڑا۔ حکومتِ پاکستان نے سفارت کاری، سیاسی روابط اور انتظامی اقدامات کے ذریعے ان معاملات کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی جس کا نتیجہ سامنے ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل قریب میں بد امنی پر مکمل طور پر قابو پالیا جائے گا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کی محنت نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے۔ صنعتی شعبے کے لیے لوڈ شیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا اور ہمارے کارخانے اطمینان بخش رفتار سے چلنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال کے دوران ہماری برآمدات میں تقریباً سوا گیارہ فیصد اضافہ ہوا اوریہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ وزارت تجارت آئندہ پانچ برسوں کے لیے اسٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کا مؤثر تعارف، علاقائی مواصلاتی رابطوں کی فعالی ، تجارتی ماحول کو مزید بہتر اور کاروبار دوست بنا نا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مؤ ثر رسائی کے لیے کئی دو طرفہ اور کثیر الجہتی تجارتی سمجھوتے کیے ہیں جبکہ کئی معاہدوں پر کام جاری ہے جن کے ذریعے ہمارے برآمد کنند گان کو آسانی ہوگی۔ان معاہدوں سے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ باہمی تجارت میں مزید بہتری آئی جبکہ جی ایس پی پلس کے ذریعے یورپی یونین کے ممالک میں رسائی ملنے سے کاروباری سرگرمیوں میں وسعت پیدا ہو ئی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان میں پہلے سے موجود پر کشش مواقع میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کے مختلف ممالک کے درمیان فاصلوں میں کمی لانے والا یہ منصوبہ پوری دنیا کے لیے بیش قیمت مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری ان امکانات سے مستفید ہونے کے لیے راہداری اورمتعلقہ منصوبوں سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کاجائزہ لے۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ عالمی برادری کی پاک چین اقتصادی راہداری جیسے عظیم الشان منصوبے میں دلچسپی نہ صرف اس خطے بلکہ دنیا بھر کی کاروباری فضا میں خوشگوار تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔ صدرِ مملکت نے کہا یہ اشاریے پاکستان کے بہترین تجارتی مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں، لہٰذا ہم اپنے دوستوں کو پورے اعتماد کے ساتھ معدنیات، توانائی ، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مالیاتی خدمات، سیاحت، زراعت اور کان کنی سمیت کئی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں پاکستان میں کام کرنے والی سفارتی برادری بھی اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی برادری کے پاکستان کے صنعتی ،تجارتی اور پیشہ ورانہ اداروں سے خوشگورار تعلقات اور اس طرح کی تقریبات میں پرجوش شرکت ہمارے بارے میں ان کے مثبت تاثرات کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوتاہے کہ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ سرکار ی اور نجی ہر دوسطح پر باہمی تجارت میں اضافے کے خواہش مند ہیں۔پاکستان اس سلسلے میں ہر پیش رفت، باہمی تجارت اور مشترکہ منصوبوں سمیت تمام شعبوں میں ان کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :