مسلم لیگ (ن) کا نشان غائب کرنے کی کوشش کی گئی، نواز شریف کی مہر جو لوگوں کے دلوں پر لگی ہے وہ مٹ نہیں سکتی،مریم اورنگزیب

پیر 5 مارچ 2018 22:45

مسلم لیگ (ن) کا نشان غائب کرنے کی کوشش کی گئی، نواز شریف کی مہر جو لوگوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2018ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو سب سے بڑے ہارس ٹریڈر ہیں وہی لوگ مسلم لیگ (ن) پر ہارس ٹریدنگ کے الزامات عائد کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے چوہدری سرور44 ووٹ لے کر جیتے جبکہ پنجاب میں ان کی نشستیں ہی 30 ہیں، یہ ہارس ٹریڈنگ نہیں تو کیا ہے، وہ لوگ جنہوں نے پیسہ استعمال کیا اور اس طرح کے کام کئے ،وہ انصاف کا درس دیتے ہیں اور پورے ملک سے کرپشن کے خاتمے کا ٹھیکہ اٹھایا ہوا ہے، عمران صاحب! یہ تو پتہ کرائیں کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی نے سیٹیں کیسے لے لیں اور چوہدری سرور نی44 ووٹ کیسے لے لئی ان کے خلاف عمران خان نے کون سا ایکشن لیا کوئی بیان ہی دیں کہ چوہدری سرور نے کوئی غلط کام کیا، ان کے خلاف کوئی ٹویٹ ہی کر دیں، مسلم لیگ (ن) کا نشان غائب کرنے کی کوشش کی گئی مگر محمد نواز شریف کی مہر جو لوگوں کے دلوں پر لگی ہے وہ مٹ نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

پیر کو یہاں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ان چیزوں کا نام و نشان مٹنا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری سرور44 ووٹ لے کر جیتے جبکہ پنجاب میں ان کی نشستیں ہی 30 ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کیا ہوا، یہ بات قابل افسوس ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے پیسہ اور طاقت استعمال کی اور اس طرح کے کام کئے، وہ انصاف کا درس دیتے ہیں اورفٹا فٹ ٹویٹ کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان یہ تو پتہ کرائیں کہ خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی نے سیٹیں کیسے لے لیں اور چوہدری سرور نی44 ووٹ کیسے لے لئے، ان کے خلاف عمران خان نے کون سا ایکشن لیا۔ کوئی بیان ہی دیں کہ چوہدری سرور نے کوئی غلط کام کیا اور ان کے خلاف کوئی ٹویٹ ہی کر دیں۔