سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی نے پہلے سے بہترنتائج دکھائے، تحریک انصاف سینٹ انتخابات میں انقلابی اصلاحات کے ذریعے مستقبل میں ہار س ٹریڈنگ کا راستہ روکے گی‘ وزیراعلیٰ پرویزخٹک

پیر 5 مارچ 2018 22:08

سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی نے پہلے سے بہترنتائج دکھائے، تحریک انصاف ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات سے میں پوری طرح مطمئن ہوں‘ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے پہلے سے زیادہ بہتر نتائج دکھائے ہیں‘ ہمارا ایک امیدوار خیال زمان معمولی پوائنٹ سے رہ گیا ہے جس نے دوبارہ گنتی کرانے کے لیے درخواست دے دی ہے۔ تین سال قبل سینٹ کے ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے باوجود چار جنرل نشستیں جیتیں تھی۔

جس میں سینٹر سراج الحق کی نشست بھی شامل تھی۔ تحقیقات ان لوگوں کے خلاف کررہے ہیں جن کے پاس اتنی نشستیں نہیں تھی اس کے باوجود انہوں نے دو دو نشستیں جیتیں۔ وہ پبی نوشہرہ میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن سازی مہم اور کارکنوں کو کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی صدر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے ڈاکٹر عمرا ن خٹک، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک ،تحصیل ناظم پبی میاں مرتضیٰ الرحمن ، ایم پی اے میاں خلیق الرحمن ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما عثمان ڈار ، رکن سازی مہم خیبرپختونخوا کے صوبائی کوآرڈینٹر مینا خان ، ضلعی نائب صدر ریاض علی خان، نائب ضلع ناظم اشفاق خان ،تحصیل نوشہرہ کے صدر زر عالم خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

پرویز خٹک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینٹ کے انتخابات سے ثابت ہوگیا۔ کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف نے بھر پور کامیابی حاصل کی اور مخالفین کو حیران کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سینٹ انتخابات میں انقلابی اصلاحات کے ذریعے مستقبل میں ہار س ٹریڈنگ کا راستہ روکے گی۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف کا صوبہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی ایم پی اے ادھر ادھر نہیں گیا بلکہ تحریک انصاف کے ایم پی ایز نے تحریک انصاف کے سینٹرز کو ہی ووٹ دئیے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی رکن سازی مہم کا باقاعدہ آغاز نوشہرہ میں کردیا گیا ہے اورایک لاکھ کارکنوں کوکارڈ جاری کئے جائیں گے ۔ رکن سازی مہم کا نوشہر ہ کی تین تحصیلوں پبی، نوشہرہ اور جہانگیرہ میں جاری رہنے کے بعداس کا دائرہ ہر یونین کونسل اور ویلج تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام 2018 انتخابات میں تحریک انصاف کو کامیاب کرواکر ملک کی تقدیر بدلنے میں اپنا کردار اداکریں۔ جیت انشاء اللہ تحریک انصاف ہی کی ہوگی۔