ٹائون رسپانس کمیٹیوں کے اجلاسوں کو بامقصد بنایا جائے ‘ خواجہ سلمان رفیق

کم ڈینگی لاروا رپورٹ کرنے والے ڈسٹرکٹس اور کم مشتبہ مریض رپورٹ کرنے والے ہسپتال کارکردگی بہتر بنائیں ‘صوبائی وزیر

پیر 5 مارچ 2018 22:01

ٹائون رسپانس کمیٹیوں کے اجلاسوں کو بامقصد بنایا جائے ‘ خواجہ سلمان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور اس حوالے سے نچلی سطح پر پلاننگ میں موجود گیپس کو دور کیا جائے ،ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کی نگرانی کے لئے تشکیل دی گئی ٹائون ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کے اجلاسوں کو بامقصد بنایا جائے اور ان کمیٹیوں کے تمام ممبر محکموں کے افسران اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے یہ بات سول سکریٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران نے شرکت کی جبکہ دیگر ڈویژنوں اور ڈسٹرکٹس کے کمیشنرز/ ڈپٹی کمشنرزاور محکمہ صحت کے افسران نے ویڈیو لنک کے زریع اجلاس کی کاروائی میں حصہ لیا اور اپنے اپنے ضلع میں ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے جاری اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شہناز نے صوبے میں ڈینگی کی صورت حال اور اس حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر شہناز نے بتایا کہ کچھ اضلاع جن میں فیصل آباد ، ملتان ، راولپنڈی اور شیخوپورہ بھی شامل ہیں ، ان اضلاع میں گزشتہ سال کی نسبت فروری کے مہینے میں کم ڈینگی لاروا رپورٹ ہوا ہے ۔ ڈاکٹر شہناز کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض ہسپتالوں سے ڈینگی کے مشتبہ کیس رپورٹ نہیں ہورہے حالانکہ ان کے شعبہ بیرونی مریضاں میں روزانہ ہزاروں لوگ علاج کے لئے آتے ہیں جن میں بخار کے مریض ہونا لازمی امر ہے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کم ڈینگی لاروا رپورٹنگ پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور سی ای او ہیلتھ کی کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ وزیر صحت نے دینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے ماہرین کو بھی ہدایت کی کہ جن ہسپتالوں سے ڈینگی کے مشتبہ مریض رپورٹ نہیں ہورہے یا کم تعداد میں رپورٹ ہورہے ہیں ان ہسپتالوں کی انتظامیہ سے اس مسئلے پر بات کریں اور ان کی ٹیکنیکل رہنمائی کریں تاکہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی رپورٹنگ کے حوالے سے گیپس کو دور کیا جاسکے۔

اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے Android فون کے استعمال اور ضلع کی سطح پر ڈینگی کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے اپنی رپورٹ پیش کی جبکہ سپیشل برانچ کے حکام نے بھی متعلقہ محکموں کی کارکردگی ، ہسپتالوں و دیگر محکموں میں صفائی کی صورتحال اور Solid wasteمینجمنت کے حوالے سے اپنی خفیہ رپورٹ سے صوبائی وزیر صحت کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :