پاکستان اور نیپال کا معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

میں جمہوری عمل پھل پھول رہا ہے ،ْ سیاسی استحکام اقتصادی ترقی کی کلید ہے ،ْوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی نیپالی ہم منصب سے گفتگو

پیر 5 مارچ 2018 22:01

پاکستان اور نیپال کا معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون ..
کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2018ء) پاکستان اور نیپال نے معیشت، تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے نیپالی ہم منصب کھدگا پرشاد شرما اولی کے درمیان پیر کو یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران پایا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنے نیپالی ہم منصب کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دینے کیلئے یہاں پہنچے تھے۔

وزیراعظم نے نیپالی ہم منصب کو جمہوری عمل کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی جس کے نتیجہ میں نئی حکومت قیام عمل میں آئی۔ وزیراعظم نے کھدگا پرساد شرما اولی کو نیپال کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے ان کے انتخاب پر بھی مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی اہمیت کے تمام امور پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال میں جمہوری عمل کی تکمیل کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید ہے کہ اس سے پائیدار امن کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیپال کی یکجہتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو اولین اہمیت کا معاملہ تصور کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بڑا حوصلہ افزاء ہے کہ نیپال میں جمہوری عمل پھل پھول رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام اقتصادی ترقی کی کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیپال کئی عشروں سے اچھے دوست ہیں اور ثقافت، سیاحت، کھیلوں اور تعلیم کے میدان میں اشتراک کار کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔

دونوں رہنمائوں نے سارک کو علاقائی ممالک کے مابین تعاون کی جستجو کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم تصور کرتے ہوئے اس کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان اقتصادی روابط سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ نہیں اور ان کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنمائوں نے پاک۔نیپال مشترکہ اقتصادی کمیشن اور مشترکہ اقتصادی کونسل کو ازسرنو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ باہمی تجارت میں اضافہ ہو، عوامی روابط کو تقویت دینے پر بھی اتفاق پایا گیا۔

دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان بین الاقوامی فورموں پر تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایک اہم علاقائی تنظیم کی حیثیت سے سارک کو ازسرنو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نیپالی وزیراعظم کھدگا پرشاد شرما اولی نے وفود کی سطح پر مذاکرات کئے جس میں دونوں ممالک کے وزراء نے شرکت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزاز میں نیپالی وزیراعظم کھدگا پرساد شرما اولی نے پیر کی شام عشائیہ کا اہتمام کیا۔ ضیافت میں نیپالی حکومت کے سینئر عہدیداران اور پاکستانی وفد کے ارکان نے شرکت کی