Live Updates

عوام آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے ،ْمشاہد اللہ خان

کہ عمران خان اور شیخ رشید نے کبھی بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی ،ْ

پیر 5 مارچ 2018 22:01

عوام آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عوام آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف اپنے حکومتی صوبوں میں عوام کو ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ ان جماعتوں نے اپنے حکومتی صوبوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ملک کو درپیش توانائی بحران سمیت دہشت گردی اور اقتصادی صورتحال کے بڑے چیلنجز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے اپنے اس ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں حل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں اور ان دونوں جماعتوں نے ایسے امیدواروں کو سینیٹ کے ٹکٹس دئیے جن کا کوئی سیاسی بیک گرائونڈ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی اسمبلی کے ممبران نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں دوسری جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دیکر اپنی قیادت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کے انتخابات میں اپنے ہدف کو حاصل کیا ہے اور اب وہاں سب سے بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے۔ مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور شیخ رشید نے کبھی بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی کیونکہ وہ اس کے خلاف توہین آمیز کلمات استعمال کرتے ہیں اور انہوں نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مخالفین سیاسی میدان میں تو ہماری جماعت کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ اقتدار کے حصول کے لیے غیر آئینی طریقوں کو اپناتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات