چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس،متعدد کیسز کی انکوائری کی منظوری

پیر 5 مارچ 2018 21:44

چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء)قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف فلیگ شپ انوسٹمنٹ لمیٹڈ اور دیگر 15کمپنیوں کے کیس، مذکورہ ملزمان کے خلاف عزیزیہ سٹیل ملز اور ہل میٹل کیس، ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس اور مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں سابق وفاقی وزیر محمد اسحاق ڈارکے خلاف بدعنوانی کے ضمنی ریفرنسز دائرکرنے، مشتبہ رقوم کی منتقلی پر میسرز چوہدری شوگر ملز کے مالکان محمد نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، کلثوم نواز، مریم صفدر، مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری جنگلات کی اراضی سیمنز گروپ آف کمپنیز کو لیز پر دینے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا خالد پرویز، عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کے معاملہ پر خیبرپختونخوا حکومت کے متعلقہ افسران، پانامہ سکینڈل میں 34 آف شور کمپنیوں کی ملکیت کے الزام پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ اور ان کے اہلخانہ، پانامہ سکینڈل میں 15آف شور کمپنیوں کے مالک ذوالفقار بخاری، مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر احد خان چیمہ، بڑے پیمانے پر عوام الناس کو لوٹنے اور دھوکہ دہی کے الزام پر پیراگون سٹی پرائیوٹ لمیٹد کی انتظامیہ اور مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کو ٹھیکہ دینے پر سابق وفاقی وزیر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر انوشہ رحمن اورسابق چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری کی توثیق کی۔

(جاری ہے)

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔ محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف فلیگ شپ انوسٹمنٹ لمیٹڈ اور دیگر 15کمپنیوں کے کیس میںبدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائرکرنے کی چئیرمین نیب نے منظوری دی تھی۔ محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف عزیزیہ سٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائرکرنے کی چئیرمین نیب نے منظوری دی تھی۔

محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس میں بدعنوانی کا ضمنی ر یفرنس دائرکرنے کی چئیرمین نیب نے منظوری دی تھی جس کی نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے توثیق کی نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پانامہ سکینڈل میں 15کمپنیوں کے مالک ذولفقار بخاری کے خلا ف ا نکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے راولپنڈی ریلوے ایمپلائز کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور دیگرکے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر ریلوے کی اراضی پر غیر قانونی طور رپر قبضہ کرنے اورراولپنڈی ریلوے ایمپلائز کو آپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کی مد میں بقایا جات کے عدم ادائیگی کا الزام ہے ۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران اور دیگرکے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے میسرز حساس کنسٹرکشن کو غیر قانونی طور پر ٹھیکہ دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 664.405 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے شعبہ صحت اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر امتحانات میں عدم شفافیت کے ذریعے من پسند امیدواروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈاجلاس نے ڈاکٹر عاصم محمود، محمودالحسن اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔یہ شکایت مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیا دپر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نیب کو موصول ہوئی۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسرز چوہدری شوگرملزکے مالکان محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز، کلثوم نواز، مریم صفدر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔ یہ شکایت نیب کو مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیا دپر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے موصول ہوئی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میاں محمد شہبازشریف، فضل دادعباس، مسرور انور اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

نیب کویہ شکایت مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیاد پر سٹیٹ بینک کی جانب سے موصول ہوئی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے ملک مقصود احمدمالک مقصود اینڈ کمپنی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ یہ شکایت مشتبہ رقوم کی منتقلی کی بنیا دپر سٹیٹ بینک کی جانب سے نیب کو موصول ہوئی۔ نیب ایگزیکٹو بورڈاجلاس نے سابق وفاقی وزیرمحمد اسحاق ڈارکے خلاف بدعنوانی کا ضمنی ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی۔

ان پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈاجلاس نے احد خان چیمہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پیراگون سٹی پرائیوٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر عوام الناس کو لوٹنے اور دھوکہ دہی کا الزام ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے بشیر دائود ،مریم دائود اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر پانامہ سکینڈل میں الزام ہے کہ وہ آف شور کمپنی کے مالک ہیں۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ ا نے عبدا لستار ڈیرو سابق منیجنگ ڈائریکٹر پورٹ قاسم اتھارٹی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ملزمان پر پانامہ سکینڈل میں الزام ہے کہ وہ آف شور کمپنی کے مالک ہیں۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی)، پاکستان سٹیل ملز کے افسران/ اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طورپرپاکستان سٹیل ملز کی گیس غیر قانونی طریقہ سے بند کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان سٹیل ملز کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پرملازمین کے پرووڈنٹ فنڈزاورگریجیویٹی کے غیر قانونی طور پر نکالنے اور استعمال کرنے کا الزام ہے ۔جس سے قومی خزانے کو 7.5ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کے ڈی اے کے افسران اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پررفاہی مقصد کیلئے مختص پلاٹوں کو رہائشی اور کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کرنے کا الزام ہے ۔

جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے یاسر آفندی لائین منیجر شیل پاکستان لمیٹڈ، ارشد جلیل چیئرمین/ ڈائریکٹر میسرز ایرولیوب پرائیویٹ لیمیٹد اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان نے ڈیفنس کوٹے پر ایوی ایشن ایندھن خرید کر کھلی مارکیٹ میںفروخت کیا ۔ جس سے قومی خزانے کو 2370 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ اور ان کے خاندان کے افراد انور سیف ا للہ، سلیم سیف ا للہ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پر پانامہ سکینڈل میں 34آف شور کمپنیوں کی ملکیت کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا خالد پرویز اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔

ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کر تے ہوئے مالم جبہ میں 275ایکڑ سرکاری جنگلات کی اراضی سیمنز گروپ آف کمپنیز کو لیز پر دینے کا الزام ہے ۔جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کے معاملہ پر خیبر پختونخوا حکومت کے متعلقہ افسران کے خلاف اختیارات کے مبینہ طور پر ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی انکوائری کی منظوری دی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ڈائریکٹرجنرل کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نور احمد پیرکانی اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر ختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے چلتن ہائوسنگ سکیم کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر پلاٹوں کی چائنہ کٹنگ اور الاٹ کرنے کا الزام ہے ۔نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق وزیر محکمہ خوراک حکومت بلوچستان اظہار حسین اور دیگر کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پر پی آسی پشین میں گندم کی بوریوں کی خریداری میں مبینہ طور پر بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 211.848 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈاجلاس نے سابق وفاقی وزیرمحمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر انوشہ رحمن اورسابق چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے خلاف مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر نیکسٹ جنریشن موبائل سروسزکو ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ چئیرمین نیب نے ان تمام انکوائریوں اور انویسٹی گیشن کی منظوری دی تھی جس کی نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے توثیق کی۔ مزید برآں نیب اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے کہ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشن مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب تمام متعلقہ افراد سے بھی قانو ن کے مطابق ان کا موقف معلوم کرے گا تاکہ قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔