عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا کر صوبے کی فلاح وبہبود کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ،میر عبدالقدو س بزنجو

وقت ہمارے پاس کم اور کام بہت سارے ہیں،وزیراعلی بلوچستان

پیر 5 مارچ 2018 21:39

عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا کر صوبے کی فلاح وبہبود کے لئے بڑے پیمانے ..
کوئٹہ /جھائو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا کر صوبے کی فلاح وبہبود کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ، وقت ہمارے پاس کم اور کام بہت سارے ہیں ۔ہمارے پاس ترقی کا وژن ہے جس کو اپناکر تمام شعبوں میں صوبے کے عوام کو ترقی دینا چاہتے ہیں ۔

آج میں خوشی محسوس کررہاہوں کہ میں اپنے عوام کے درمیان موجود ہوں ۔ آواران کے عوام کی بڑی قربانیاں ہیں یہاں دہشت گردی کے باعث ڈاکٹرز، ٹیچرز اورہمارے قیمتی اثاثے مارے گئے ،یہاں کے عوام نے بہت مشکل دور دیکھا ہے ان قربانیوں کے بعد اب عوام کو امن ملا ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں مذید امن میسرآئیگا ، میں آواران کے عوام سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کا راستہ دکھائیں ،سی پیک صوبہ اور پورے ملک کے لئے گیم چینجر ہے صوبے میں قومی شاہراہیں بنیں گی ، عوام کو روزگار ملیگا اور ترقی کا ایک نیا دور آئیگا ، ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کیڈیٹ کالج جھائو کے افتتاح کے بعد عوام سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم جام کمال عالیانی، ایڈیشنل سیکریٹری نصیب اللہ بازئی ، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی ، سیکریٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد سیکریٹری لوکل گورنمنٹ علی اکبر بلو چ، سیکریٹری ایجوکیشن نورالحق بلوچ ،ایس سی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالحمید مری ،ڈپٹی کمشنر آواران طارق شہباز، چیف انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات احمد خان مینگل ،ایس ای ظفرعلی کھوسہ ، ایس ای شفیع محمد مینگل ، محکمہ آبپاشی کے ڈویژنل ایکسیئن فرید احمد پندرانی ،ڈسٹرکٹ کونسلرمیر محمد اعظم ساسولی ،ایکسئین محکمہ مواصلات و تعمیرات فخر الدین سمیت دیگر آفیسران قبائلی عمائدین سیاسی زعماء و دیگر موجود تھے ۔

انہوںنے آواران بیلہ روڈ کو مرمت کرنے کا اعلان کیا اور مستقبل میں اس روڈ کواز سر نو تعمیر کیا جائیگا ، جائو میں سولر پارک دینے کا اعلان کردیا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ میں آواران سے مشکے تک روڈ کی مرمت کا اعلان کرتاہوں ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ میں آواران کے عوام کا مشکور ہوں کہ یہاں کے عوام نے ہمیشہ ہمیں اور ہمارے آبائو اجداد کو عوامی نمائندگی کا موقع دیا ہے۔

اس حلقے سے نہ صرف میں بلکہ میرے والد اور میرے دادا کو کامیابی دلائیں۔ ۔ آج میں صوبے کے عوام کی قیادت کررہاہوں تو یہ بھی آپ کے ووٹ سے ہی مجھے منصب ملا ہے ۔مجھ سمیت میر ی ٹیم کی کوشش ہے کہ صوبے سے بے روزگاری میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ یہاں کے عوام کے بنیادی مسائل کم کیئے جائیں جس کے لئے ہم روزانہ کی بنیاد پر کام کررہے ہیں اور انشاء اللہ عوام ماضی کی بنسبت واضح تبدیلی محسو س کریں گے ۔

ہم عوام کے مسائل سن بھی رہے ہیں اور انہیں حل بھی کررہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اقتدار کو ایک نئے زاویے میں تبدیل کرکے اس کو عوام کے تابع بنا دیا جائے ،بجلی تعلیم صحت مواصلات سمیت پینے کے صاف پانی کی فرہمی سمیت دیگر شعبوں پر ترقیاتی عمل جاری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آواران میں دہشت گردی ایک بڑی لہر چل گئی اس میں سیکورٹی فورسز اور عوام نے قربانیاں دی اب ہم امن کی جانب پیش رفت کررہے ہیں اور مستقبل میں عوام کو اور زیادہ امن ملے گا ،یہاں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں کے لوگ اپنے بچوں کو پڑھائیں اور ان تعلیمی ادارے کا راستہ دکھائیں تاکہ وہ کسی کے ہاتھ استعمال نہ ہوں ۔

متعلقہ عنوان :