سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ، اسلام آباد پولیس کی دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی

پیر 5 مارچ 2018 21:32

سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی دو سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کیلئے اسلام آباد پولیس کے شعبہ سپیشل برانچ کے ملازمین کی ڈیوٹی لگانے اور طلباء کے خون کے ٹیسٹ لینے کے علاوہ ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ آئی جی دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت دی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاسی اجتماع کیلئے ایف نائن پارک کو مختص کیا جائے، اہم سرکاری شخصیات کے آنے جانے کیلئے رکاوٹیں نہیں ہونی چاہئیں۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اسلام آباد کو مکمل طور پر پرامن بنانا چاہتے ہیں، ہجوم اور سیاسی جلسے جلوسوں کو ایک پارک تک محدود کرنا چاہئے، کسی جماعت کو اسلام اباد ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس کے آئی جی نے بتایا کہ سال 2017ء میں منشیات کے حوالے سے 908 مقدمات درج کئے گئے۔ سال 2017ء میں منشیات سے متعلق 1043 افراد گرفتار کئے گئے۔ سال 2015ء میں منشیات کے 605 اور سال 2016 میں منشیات کے 614 مقدمات درج کئے گئے، بلوے کو روکنے کے لئے دوہزار افراد پر مشتمل خصوصی فورس بنا رہے ہیں۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے بارے پارلیمینٹ میں بحث ہونی چاہئے۔

سینیٹر شاہی سید کے توجہ دلانے پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہداء کیلئے دوسرے صوبوں کے برابر شہداء پیکیج دیا جائے۔ کمیٹی سینیٹ میں اسلام آباد پولیس شہداء پیکیج بڑھانے کیلئے قرارداد پیش کرے گی۔ کمیٹی ممبران نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ اسلام آباد منشیات سے پاک ہو ۔تعلیمی اداروں میں منشیات کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنایا جائے۔

والدین اور اساتذہ سے ملکر تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف کمپین چلائی جائے۔ سینیٹر شاہی سید کے توجہ دلاؤ نوٹس پر چیرمین کمیٹی نے نادرا کی جانب سے پشتونوں کے خلاف اقدامات کا سخت نوٹس لیا اور چیئرمیین نادرا کو اگلے اجلاس میں وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سینیٹر روبینہ خالد کا بل واپس اور سینیٹرز سراج الحق او ر سحر کامران کے الگ الگ بل آئند ہ کمیٹی میں پیش کرنے کیلئے مؤخر کر دیئے گئے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز شاہی سید، محمد جاوید عباسی ، سحر کامران کے علاوہ خصوصی سیکرٹری وزارت داخلہ ، وزارت قانون، کمشنر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :