وزیر مملکت کیڈ کی عدم دلچسپی اور لیگی دھڑوں میں اختلافات ، سملی ڈیم روڈ کا منصوبہ تاخیر کا شکار

دو ماہ میں مکمل ہونے والے منصوبے پر چار ماہ کا عرصہ گزر گیا،آدھا بھی مکمل نہ ہو سکا منصوبے پر مزید 6 ماہ لگ سکتے ہیں،ٹھیکیدار

پیر 5 مارچ 2018 21:12

وزیر مملکت کیڈ کی عدم دلچسپی اور لیگی دھڑوں میں اختلافات ، سملی ڈیم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2018ء) وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کی عدم دلچسپی اور لیگی دھڑوں میں اختلافات کے باعث27 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے شروع کیا گیا سملی ڈیم روڈ کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا ،دو ماہ میں مکمل ہونے والے منصوبے پر چار ماہ کا عرصہ گزر گیا تاہم منصوبہ آدھا بھی مکمل نہ ہو سکاٹھیکیدار کے مطابق منصوبے پر مزید 6 ماہ لگ سکتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سملی ڈیم روڈ بہارہ کہو جو کہ تقریبا آٹھ کلو میٹر پختہ کی جارہی ہے چارماہ گزرنے کے باوجودٹھیکدار سڑک پر کام کو سست روی کے ساتھ کر رہا ہے ۔ جدید دور میں فنڈز کی فراہمی اور جدید مشینری کی موجودگی کے باوجودسڑک کی تعمیر میں تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے ۔ سڑک پر جگہ جگہ کنکریٹ کی وجہ سے راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

جب ٹھیکیدار سے اس بارے میں بات کی گئی تو اس نے بتا یا کہ مجھے اوپر سے آرڈر ملا ہے کہ میں کام کو جولائی اگست تک مکمل کروں۔ یاد رہے کہ اس سڑک پر کام کا آغاز مسلم لیگ ن دور میں پہلی بار ہو رہا ہے جو کہ نومبر سے جاری ہے لیکن کب ختم ہو گا اس کے بارے میں کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا ۔ وفاقی وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری نے اس سڑک کی تعمیر کے لیے 27کروڑ روپے منظور کرائے ۔

اسلام آباد کے سب سے بڑے شہر بہارہ کہو میں طارق فضل چوہدری کا دس سال میں یہ پہلا میگا پروجیکٹ ہے ۔عوامی اور سماجی حلقوں نے سڑک کی تعمیر میں بلاوجہ تاخیر پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے قائد پاکستان جناب محمد نوازشریف اور نیب سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یا درہے کہ یہ علاقہ مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھا جاتا ہے مگر موجودہ لیگی دھڑوں میں اختلافات کے سبب پھلگراں اور ملحقہ علاقے گیس، تعلیم ، سڑکوں اور ہسپتال کی سہولت سے محروم ہیں۔

اس سے قبل پی پی دور میں اس روڈ کی بار بار مرمت کی گئی جس سے عوام کو بڑی سہولت ملی تھی مگر 2013کے بعد سے پھلگراں اور سملی ڈیم روڈکومکمل نظر انداز کیا گیا ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔

متعلقہ عنوان :