سوات:ایم پی اے فضل حکیم نے ڈسڑکٹ کورٹس میںوکلا ء کے لئے کارپارکنگ،چیمبرز اور سپورٹس جم کا افتتاح ،دو منزلہ پارکنگ میں تین سوگاڑیاں پارک ہوسکی

پیر 5 مارچ 2018 20:11

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2018ء)ایم پی اے فضل حکیم نے ڈسڑکٹ کورٹس میںوکلا ء کے لئے کارپارکنگ،چیمبرز اور سپورٹس جم کا افتتاح کردیا ،دو منزلہ پارکنگ میں تین سوگاڑیاں پارک ہوسکی گی ، چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے پیر کے روز ڈسٹرکٹ کورٹس سوات میں سوات بار کے وکلاء کیلئے کارپارکنگ ،چیمبرزاور سپورٹس جم کے عظیم الشان منصوبہ کا افتتاح کیا۔

منصوبہ 300گاڑیوں کیلئے دو منزلہ کارپارکنگ ، 40وکلاء چیمبرز اور مختلف ان ڈور گیمز کی سہولت سے آراستہ جم پر مشتمل ہے اور اس کی تکمیل پر ساڑھے آٹھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ افتتاحی تقریب سوات بار میں منعقد ہوئی جس میں ڈی سی سوات عامر آفاق ، تحصیل کونسلر باز خان،بار صدر مجاہد فاروق اور سھیل سلطان ایڈوکیٹ کے علاوہ سینئر اور جونئر وکلاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ٖفضل حکیم خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ، وکلاء اور جج صاحبان عوام کو انصاف کی فراہمی جیسا اہم فریضہ انجام دیتے ہیںاور ضلع سوات میں ان تینوں شعبوں میں بہترین لوگ میں موجود ہے انھوں نے اس موقع پر تاکید کی کہ ہر ذمہ دار کو اپنی ذمہ داری کاجواب قیامت کے دن دینا ہو گالہذا ہر شخص کو عد ل و انصاف سے عوام کی مخلصانہ خدمت کرنی چاہیے۔بار صدر مجاہد فاروق نے یہ عظیم الشان منصوبہ تعمیر کرنے پر چیئر مین ڈیڈیک اور صوبائی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیااور یقین دلایا کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے وکلاء دلجمعی کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں گے اور وکلاء کے پارکنگ اور دفاترکا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوجائے گا۔