Live Updates

عمران خان نے سینیٹ انتخاب میں پارٹی اراکین کی فروخت کا اعتراف کرلیا‘انکوائری کمیٹی بنادی ہے ضمیر بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 مارچ 2018 16:24

عمران خان نے سینیٹ انتخاب میں پارٹی اراکین کی فروخت کا اعتراف کرلیا‘انکوائری ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 05 مارچ۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینیٹ انتخاب میں پارٹی اراکین کی فروخت کا اعتراف کرلیا ہے۔پیر کو کراچی میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلااورافسوس کی بات ہے کہ ہمارے کچھ اراکین خیبر پختونخواہ اسمبلی نے بھی پیسے لے کر اپنا ضمیر بیچا،جس کیلئے انکوائری کمیٹی بنادی ہے،ایسے اراکین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا اعلان ایک پار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ کراچی کو کھنڈر بنانے والا گاڈ فادر لندن چلا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے کراچی کو مافیا کے سپرد کر دیا ہے،35سال سے اس شہر میں دہشت گردوں کی حکمرانی تھی جس کی وجہ سے پڑھے لکھے، سلجھے ہوئے اور متوسط طبقے کے حقیقی نمائندے سیاست میں آنے سے کتراتے تھے لیکن آج حالات تبدیل ہو گئے ہیں-انہوں نے کہا کہ شریف خاندان 900 ارب ملک سے باہر لےکر گئے ہیں اور ایک فراڈ قطری خط عدلیہ کو دیا گیا چور سیاسی شہید نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ہماری پارٹی میں غریب اراکین اسمبلی بھی تھے جنہوں نے چار چار کروڑ روپے کی پیشکشوں کو مسترد کردیا جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن جن اراکین نے سودے بازی کی ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ سینیٹ میں پیسہ چلا ہے لیکن کوئی بھی ادارہ تحقیقات نہیں کر رہا ہے، اس پر الیکشن کمیشن کو فوری ایکشن لینا چاہیے تھا، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں ووٹنگ کے طریقہ کار میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے، خفیہ رائے دہی کی وجہ سے معلوم ہی نہیں چل رہا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا اس طرح ووٹ بیچنے والوں کو منہ چھپانے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو کھنڈر بنانے والا گاڈ فادر لندن چلا گیا ہے اور صوبائی حکومت نے کراچی کو مافیا کے سپرد کر دیا ہے، 35 سال سے اس شہر میں دہشت گردوں کی حکمرانی تھی جس کی وجہ سے پڑھے لکھے، سلجھے ہوئے اور متوسط طبقے کے حقیقی نمائندے سیاست میں آنے سے کتراتے تھے لیکن آج حالات تبدیل ہو گئے ہیں اور ڈاکٹر عمران شاہ اور ان جیسے دیگر تعلیم یافتہ افراد کی تحریک انصاف میں شمولیت تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی اور میں خود کراچی سے انتخاب لڑوں گا جس کے لیے حلقے کا انتخاب پارٹی کے ذمہ دار کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی میں قبضہ مافیا کا راج ہے، پولیس میں پیسے لے کر بھرتی کی جاتی ہیں، بلدیاتی نظام موثر نہیں ہے اور سندھ حکومت کو ترقیاتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ایسی صورت حال میں تحریک انصاف نے کراچی کی روشنیوں کو بحال کرنے کے لیے پیکیج تیار کیا ہے جس میں خیبرپختونخواہ کی طرز کی پولیس کا قیام اور موثر و با اختیار بلدیاتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔

واضح رہے کراچی میں تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم جاری ہے جس کے لیے عمران خان نے خصوصی طور پر گزشتہ شب کراچی پہنچے تھے اور برنس روڈ پر عوامی جلسے سے بھی خطاب کیا جبکہ آج صبح سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد علی شاہ کے صاحبزادے ڈاکٹر عمران علی شاہ کے گھر پہنچے جہاں میڈیا اور دیگر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :