پی ایس ایل3 ، کراچی کنگز کی فتوحات کا تسلسل ٹوٹ گیا ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسانی سے فتح حاصل کر لی

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 5 مارچ 2018 00:24

پی ایس ایل3 ، کراچی کنگز کی فتوحات کا تسلسل ٹوٹ گیا ، اسلام آباد یونائیٹڈ ..
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4مارچ 2018ء) پاکستان سپر لیگ کے 15ویں میچ میں سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے شکست دیدی۔شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں154رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے سابق کیوی وکٹ کیپر بلے باز لیوک رونکی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت شاندار آغاز کیا ۔رونکی 37 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے،یہ پی ایس ایل تھری کی تیز ترین نصف سنچری تھی،محمد عامر نے 8رنز بنانے والے حسین طلعت کو بولڈ کردیا ،آصف علی(26) اور ڈومنی(43) نے 39رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کے ذریعے میچ ختم کردیا۔

کراچی کیلئے عرفان اور حسین طلعت نے ایک ،ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل بابر اعظم اور خرم منظور کی شراکت کے باعث کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے مقررہ 20 اوورز میں 153 رنز بنالیے۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپننگ بلے باز جو ڈینلی محمد سمیع کی سیدھی گیند سمجھنے سے قاصر رہے اور چار رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔تاہم اس کے بعد خرم منظور اور بابر اعظم کے درمیان 101 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

دونوں بلے بازوں نے آغاز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی تاہم بعد میں وکٹ کے چاروں طرف شاٹس لگاکر اسلام آباد کے بولرز کو پریشان کیا۔51 کے انفرادی اسکور پر خرم منظور حسین طلعت کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔اس کے بعد کولن انگرام کریز پر آئے تاہم بڑا شاٹ لگانے کے کوشش میں فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر لیوک رونکی کے ہاتھوں آﺅٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی غرض سے بابر اعظم نے حسین طلعت کی گیند پر اونچا شاٹ لگایا تاہم آصف علی کو کیچ دے کر آﺅٹ ہوگئے۔روی بوپارا اختتامی اوورز میں کریز پر پہنچے اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی تاہم 18ویں اوور میں دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آﺅٹ ہوگئے۔محمد رضوان نے اختتامی اوورز میں 9 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر کراچی کنگز کے سکور کو 150 رنز کے پار لگادیا۔

خیال رہے کہ اب تک شارجہ میں کھیلے گئے میچز میں سپنرز حاوی رہے ہیں اور اور ٹیموں کی جانب سے چھوٹے رنز ہی بن پائے ہیں۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگزاس میچ میں اپنے سٹار کھلاڑی آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کی خدمات سے محروم ہے جن کو انجری کے باعث ڈاکٹرز نے کچھ روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے آرام کے مشورے کے بعد امکان ہے کہ شاہد آفریدی دو سے تین میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہ کر پائیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز ایونٹ میں پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئیں۔عماد وسیم الیون اپنے 4 میچز میں 7 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور5 میچز کھیل کر اس کے پاس6 پوائنٹس ہیں۔