جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبہ متحدہ عرب عمارات اور سوٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے، ابتدائی بنیادوں پر 44 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کرے گا

اتوار 4 مارچ 2018 23:00

جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ ..
گوادر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق گوادر میں پینے کے پانی کا منصوبہ متحدہ عرب عمارات اور سوٹزرلینڈ حکومت کے تعاون سے قائم کیا جا رہا ہے۔ پلانٹ سے ابتدائی بنیادوں پر 44 لاکھ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جائے گا، تاہم یہ پلانٹ 88 لاکھ گیلن تک یومیہ پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پانی صاف کرنے والا یہ منصوبہ 6 سے 8 ماہ میں مکمل ہو گا، جس سے گوادر کے مقامی افراد سمیت مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت دور ہو گی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے پاک فوج بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپورتعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت سول حکومت کے تعاون سے تمام منصوبے ترقی اور قیام امن کے لیے ہیں جب کہ تمام منصوبے بلوچستان کے عوام کے لیے نہ صرف مفید ثابت ہوں گے بلکہ بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں تبدیلیاں بھی لائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر، سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور مقامی افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔چیف آف آرمی سٹاف بلوچ کلچر ڈے کے سلسلے میں مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔