شاعر مشرق علامہ اقبال کے استاد مولوی الف دین نفیس کے وارثان کا اجتماع

اتوار 4 مارچ 2018 22:30

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء) شاعر مشرق علامہ اقبال کے شعری استاد مولوی الف دین نفیس کے وارثان کا اجتماع گزشتہ رات عوامی حویلی چکوال میں منعقد ہوا جس کا اہتمام بلڈ بالٹی پروگرام کے سربراہ خواجہ زبیر سلیم بلا جی نے کیا۔ اس اجتماع میں شرکت کرنے والوں میں خاندان کے بزرگ انجینئر خواجہ دائود مسعود، انجینئر خواجہ سعد مسعود،ڈاکٹر خواجہ کمال ناصر، ڈاکٹر خواجہ عابد رشید جبکہ ٹینس لیجنڈ خواجہ افتخار احمد تمغہ امتیاز مرحوم کے صاحبزادوں خواجہ پرویز افتخار، خواجہ سہیل افتخار اور خواجہ طیب افتخار کے علاوہ خواجہ نوازش محمود گوجرانوالہ کے علاوہ ملک محمد بابر چھینہ ، عارف سلیم اورمصطفی ہاشمی نے بمعہ فیملی شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود، صوفی شاعر خواجہ دانیال سلیم بھی بطور میزبان موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ زبیر سلیم بلا جی نے کہا کہ ادب، صحافت اور ذہانت ہمارے خاندان کی میراث ہے او رالحمد اللہ اس وقت مولوی الف دین نفیس کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں جو گلدستہ تیار ہوا ہے اس کی خوشبو پورے ملک اور دنیا بھر تک پہنچ رہی ہے۔

خواجہ بابر سلیم محمود نے بتایا کہ مولوی الف دین نفیس میرے والد مرحوم خواجہ خالد سلیم کے نانا اور سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے بھی نانا تھے اور اس سلسلے کو چکوال کے پہلے نامور مسلمان وکیل خواجہ محمود نے آگے بڑھایا اور خواجہ عبدالحمید عرفانی نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم چکوال سے حاصل کی۔ خواجہ محمود مولوی الف دین نفیس کے داماد اور بھتیجے تھے۔

خواجہ بابرسلیم محمودنے مزید بتایا کہ ڈسکہ کے پروفیسر شاہد بشیر نے مولوی الف دین نفیس پر اپنے ایم فل مقالے میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کو ابتدائی دور میں جب اپنے کسی شعر پر کوئی شک ہوتا تو وہ اپنے قریبی رشتہ دار مولوی الف دین نفیس سے رہنمائی حاصل کرتے تھے۔اس موقع پر محفل مشاعرہ بھی منعقد ہوا جس میں خوبصورت شعرپڑھے گئے۔

متعلقہ عنوان :