یوتھ فورم فار کشمیر کا اجلاس محمد میاں سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا

بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون، گرفتاریوں، قتل عام، عورتوں کی آبرو ریزی کی شدید مذمت

اتوار 4 مارچ 2018 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء) یوتھ فورم فار کشمیر کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت سابق وزیر اعظم پاکستان/ چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو ایوان کشمیر لاہور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں پر سخت افسوس کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون کر کے اندھا دھند گرفتاریوں اور بلاجواز فائرنگ کر کے قتل عام اور عورتوں کی آبرو ریزی کی شدید مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ بھارتی حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور جبروتشدد کے ذریعے جدوجہد آزادی کی تحریک کو کچلنا چاہتے ہیں ۔افسوس کہ روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارتی بربریت کا نوٹس لے اور کشمیر میں قتل و غارت کو روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔مسئلہ کشمیر کا واحد حل رائے شماری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ہے۔ اجلاس میں کور کمیٹی کے ارکان طارق احسان غوری ، نور سمند بھٹی ، میاں عاصم مقبول ، سائیں محمد فاروق ، حافظ محمد عتیق اور ڈاکٹر رابعہ خان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :