فلور ملز مالکان آٹے کا تھیلا 20 سے 25 روپے مہنگا کرنے پر مجبور ہیں ‘افتخارمٹو، میاں ریاض

اتوار 4 مارچ 2018 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب ) کے سابق چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو و سابق چیئرمین میاں ریاض احمد نے کہا ہے کہ اگر محکمہ خوراک پنجاب نے آج بروز ( پیر ) سے فلور ملوں کے لئے گندم کی فی من قیمت اجراء 1300روپے مقرر کی اور بار دانہ کی قیمت اس کے علاوہ وصول کی تو20کلو گرام آٹے کی قیمت میں 20 سے 25 روپے کا اضافہ کرنے پر مجبور ہو ں گے جس سے 20کلو آٹے کے تھلے کی پرچون سطح پرقیمت 760روپے سے بڑھ کر 785روپے ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے 12سو 75 روپے فی من بمعہ بار دانہ کے حساب سے گندم کا اجراء کیا جا رہا تھا جبکہ سیکرٹری خوراک پنجاب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ دوبارہ 1275 روپے فی من گندم بمعہ باردانہ کا نوٹیفیکشن جاری کر دیں گے تاحال محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے مسلسل تاخیر سے کام لیا جا رہاہے جس کی وجہ سے فلور ملز مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے۔دریں اثنا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ فلور ملوں کو 12سو 75 روپے فی من بمعہ بار دانہ کے حساب سے گندم کا اجراء جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو آٹا ارزاں نرخوں پر ملتا رہے اس کا نوٹیفکیشن محکمہ خوراک پنجاب آج جاری کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :