18مارچ کو سانگلہ ہل اور این اے 135 کے عوام اپنے قائد محمد نواز شریف کا پرتپاک استقبال کریں گے ،ْبرجیس طاہر

محمد نواز شریف اور مریم نواز سانگلہ ہل کے نواز شریف سٹیڈیم میں عوام اور مسلم لیگ ( ن )کے کارکنوں سے خطاب کریں گے ،ْمیڈیا سے گفتگو

اتوار 4 مارچ 2018 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 18مارچ کو سانگلہ ہل اور این اے 135 کے عوام اپنے قائد محمد نواز شریف کا پرتپاک استقبال کریں گے ،18مارچ کو محمد نواز شریف اور مریم نواز سانگلہ ہل کے نواز شریف سٹیڈیم میں عوام اور مسلم لیگ ( ن )کے کارکنوں سے خطاب کریں گے ، اس سلسلے میں بھرپور تیاریاں کی جائیں گی اور اس علاقے کے عوام علاقے کی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں نواز شریف کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر اپنے ہر دل عزیز قائد کو زبردست خراج تحسین پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف حلقہ این اے 135 سمیت پورے پاکستان کے دلوں میں بستے ہیں جنہوں نے اپنا یہ مقام عوام دوست پالیسوں اور وعدوں کی تکمیل کے ذریعے حاصل کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سانگہ ہل کے عوام سے کیے تمام وعدے سچ کر دکھائے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہا ں کے عوام نواز شریف کو اپنے علاقے اور پورے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن سمجھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کا جلسہ سانگہ ہل کی تاریخ کا یادگار اور بڑا جلسہ ہو گا جس میں اس علاقے کے لاکھوں عوام شرکت کر کے اپنے قائد سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور اس امر کا تہیہ کریں گے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ووٹ کے تقدس پر مشتمل حقیقی جمہوریت سے پاکستان کوروشناس کرانے کے لیے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔