صوبائی وزیر بلدیات نے آر سی سی سیور اور ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 4 مارچ 2018 21:30

سیالکوٹ ۔04مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء)صوبائی وزیر بلدیات وکمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے یونین کونسل ماڈل ٹاؤن کے علاقہ ناصر روڈ پر آر سی سی سیور اور ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،کروڑ روپے کی لاگت سے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی تعمیر کئے جانے والے اس پراجیکٹ کی بدولت علاقہ میں بارشی پانی کے نکاس کا درینہ مسئلہ حل ہوجائے گا ۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری ، وائس چیئرمین ملک عظمت محمود، ممبر ایم سی ایس محسن بھٹہ، مہر شمس، شیخ ناصر، عدنان چودھری، چاچا اسلم، ایکسین پی ایچ ای ڈی جاوید پرواز ، ایس ڈی او غلام حسین ، جنرل کونسلر ز چودھری فرحان آصف، شیخ کمال افضل، مہر اظہر، مہر ندیم، زاہد بٹ م ملک نصیر اور عدنان بھٹی کے علاوہ اہلیان علاقہ کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور مفاد عامہ میں یہ منصوبہ مون سون سے قبل مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ منصوبے کے معیار اور رفتار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل سنیں اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔

11مارچ کو صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کی گوجرانوالہ آمد اور جلسہ کے خطاب کے حوالے سے صوبائی وزیر نے مقامی اراکین اسمبلی اور پارٹی کے مقامی عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی ۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے یہاں پر پارٹی قیادت سے محبت کرنے والے رہتے ہیں اور 11مارچ کے جلسہ عام میں سیالکوٹ شہر کے متوالے جوق در جوق جلسہ میں شرکت کریں گے اور پارٹی کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کریں گے ۔