سراغ رساں کتوں کی تربیت و پرورش کیلئے اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے ڈاگ سنٹر کی بلڈنگ زیر تکمیل ہے ،ڈپٹی کمشنر

اتوار 4 مارچ 2018 21:30

فیصل آباد۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء)حکومت پنجاب کی طرف سے ہمہ جہت طریقے سے سیکورٹی امور کو مستحکم بنانے کے لئے سراغ رساں کتوں کی تربیت و پرورش کے لئے کینال ایکسپریس روڈ پر اڑھائی کروڑ روپے کے فنڈز سے ڈاگ سنٹر کی بلڈنگ زیر تکمیل ہے جس میں سراغ رساں کتوں کے لئے 12 سیل اور دیگر انتظامی بلاکس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ڈاگ سنٹر کا دورہ کرکے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سراغ رساں کتے دھماکہ خیز مواد ‘منشیات کی نشاندہی اور دیگر سیکورٹی امور کی جانچ پڑتال میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں جنکی استعداد بڑھانے کے لئے تربیت کا عمل بھی جاری رہتا ہے لہٰذا سنٹر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ بلا تاخیر فنکشنل ہو سکے ۔

انہوں نے عمارت کے تمام شعبوں کو ڈیزائن و تصریحات کے مطابق رکھنے اور پائیدار تعمیر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جلد تکمیل کے لئے ورک فورس میں اضافہ کیا جائے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈاگ سنٹر کی عمارت کی تعمیر کا 75 فیصد کام مکمل ہو چکاہے اور آئندہ ماہ اپریل کے دوران اس منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل کر لیاجائے گا۔