نجی شعبہ کو کسی بھی ملک کی معیشت میں گروتھ انجن کی حیثیت حاصل ہے ، مس این کوفویئڈ

اتوار 4 مارچ 2018 21:30

فیصل آباد۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2018ء)نجی شعبہ کو کسی بھی ملک کی معیشت میں گروتھ انجن کی حیثیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ یورپین یونین پاکستان کے نجی شعبہ کی مجموعی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے عملی کوششیں کر رہی ہے۔ یہ بات پاکستان کیلئے یورپین یونین کے وفد کی فرسٹ سیکرٹری برائے تعلیم و گورنس مس این کوفویئڈنے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز اور ٹریننگ ڈویلپمنٹ بارے قائمہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ سماجی و معاشی ترقی کیلئے تعلیم ناگزیر ہے جبکہ اس سلسلہ میں یورپین یونین کا وفد بالخصوص کم ترقی یافتہ صوبوں میں بنیادی تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کا آغازصوبہ بلوچستان سے کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں دوسرے دیہی اور پسماندہ علاقوں پربھی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

نجی شعبہ کی استعداد کار کو بڑھانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جی آئی زیڈ کافی عرصہ سے پاکستان میں کام کر رہا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف ٹریڈ اور سیکٹر کیلئے ایسا نصاب مقرر کیا جائے جسے پڑھنے والے نوجوانوں کو فوری طور پر مقامی صنعتوں میں کھپایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں براہ راست صنعتوں سے متعلقہ چند سیکٹروں کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے تاہم اس سلسلہ میں نصاب متعلقہ صنعتوں کے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے طے کیا جائیگا ۔

انہوں نے بتایا کہ ان ٹریڈز میں ٹیکسٹائل ، توانائی اور کیمیکل وغیرہ شامل ہیں۔ جی آئی زیڈ کے وقاص وحید نے بتایا کہ یہ تنظیم گزشتہ دس سالوں سے پاکستان میں کام کر رہی ہے جبکہ ہم اس کے کام کو مزید جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن اس کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے ۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ صنعتوں کیلئے ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن ضروری ہے اور اس سلسلہ میں جی آئی زیڈ بہت اہم ذمہ داری سرانجام دے رہا ہے۔

سٹینڈ نگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا نے کہا کہ ہمیں اصل مقصد کی کامیابی کے بحث و مباحثے نہیں بلکہ عملی تربیت پر توجہ دینی ہوگی۔ اس موقع پر جواد اصغر، وقاص وحید ، مس قرة العین ، صدروومن چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری مس روبینہ امجد ، مس سعدیہ احسان، مس عینی کوفید ، حلیم اختر ملک ، احمد یٰسین شیخ، کنول فرید، مزمل سلطان ،چوہدری محمدنواز،مرزامحمدافضل ،محمدیعقوب اعوان ،میاںامجدسعیداوررانا سکندراعظم خاںبھی موجود تھے۔