رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی کی بیٹی ثناء جمالی کو سینیٹر منتخب ہونے پر صوبائی وزراء ،قبائلی عمائدین ودیگر شخصیات کی سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد

اتوار 4 مارچ 2018 18:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2018ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سابقہ سپیکر مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ،سابق وزیراعلی بلوچستان ،سابقہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ میر جان محمد جمالی کی بیٹی ثناء جمالی کی سینیٹ میں کامیابی پر صوبائی وزراء ،علاقے کے قبائلی عمائدین ودیگر اہم شخصیات نے اتوار کے روز میر جان محمد جمالی کے گھر جاکر انکو مبارکباد دی اس موقع پر جان جمالی نے ’’این این آئی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ میں بلوچستان سے کامیاب ہونیوالے 11سینیٹرز اپنی آزادانہ حیثیت کو برقرار رکھیں گے بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں کے کچھ رسم ورواج ہے ہم عزت دیتے ہیں اور اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ ہمیں بھی عزت دی جائے گی ہمارے نزدیک بلوچستان کے بہت سے مسائل ہیں جنہیں ابھی تک حل نہیں کیا گیا سینیٹ میں ان مسائل کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ بلوچستان سے غربت اور پڑھے لکھے نوجوانوں کا مسئلہ حل کیاجائے کیونکہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوانوں ملازمتیں نہیں ملتی جس سے دکھ ہوتاہے کہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لیکر گھوم رہے ہیں نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے اور انشاء اللہ ہم سے جو توقع رکھی گئی ہے اسے ہر صورت میں پورا کیا جائے گا ۔