ملک میں اگلے عام انتخابات بروقت ہوں گے ، لوگ ان جماعتوں کو ووٹ ڈالیں گے جنہوں نے ترقیاتی کام کیے ہیں،حمزہ شہباز

ہفتہ 3 مارچ 2018 20:40

ملک میں اگلے عام انتخابات بروقت ہوں گے ، لوگ ان جماعتوں کو ووٹ ڈالیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک میں اگلے عام انتخابات بھی بروقت ہوں گے ، لوگ ان جماعتوں کو ووٹ ڈالیں گے جنہوں نے ترقیاتی کام کیے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ہوئے حلقوں میں ڈلیور کیا ہے۔ ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو عناصر الزامات کی سیاست، دھرنوں اور کھوکھلے نعروں کا استعمال کرتے ہیں آج سینیٹ انتخابات کے بروقت انعقاد پر شرم محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں اگلے عام انتخابات بھی بروقت ہوں گے۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے وژن اور ان کی ولولہ انگیز قیادت کے تحت شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد جمہوری ادوار کے دوران شروع کیے گئے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الزامات اور دھرنوں کی سیاست مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ لوگ اب ان جماعتوں کے رہنمائوں کو ووٹ دیں گے جنہوں نے عوام کے لیے کچھ کر کے دکھایا ہے۔

متعلقہ عنوان :