کامیابی سے ثابت ہو گیاپاکستان کی سیاست ،جمہوریت سے (ن) اورنواز شریف کے کردار کو مائنس نہیں کیا جا سکتا‘ رانا ثنا اللہ

ن) لیگ کی کامیابی ان طاقتوں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین کی بالا دستی میں ہے ‘ وزیرقانون کی گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 20:37

کامیابی سے ثابت ہو گیاپاکستان کی سیاست ،جمہوریت سے (ن) اورنواز شریف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں (ن) لیگ کی کامیابی نواز شریف کی کامیابی ہے اور یہ ان قوتوں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سیاست اورجمہوریت سے مسلم لیگ (ن) اورنواز شریف کے کردار کو کسی طرح بھی مائنس نہیں کیا جا سکتا،پنجاب میں ہمارے پاس 11سیٹوں پرکامیابی کیلئے تعداد تھی اور ہم نے اس کے مطابق کامیابی حاصل کی ، کامیاب ہونے والے 11امیدوار جن سے پارٹی کا نشان واپس لیا گیا وہ کامیاب ہو کر مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے ڈسپلن کے پابند ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب ہونے والے (ن) لیگ کے حمایت یافتہ 11سینیٹرز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونا جمہوریت کی فتح اور غیر جمہوری اور ان کے آلہ کار قوتوں کی ناکامی ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کیلئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے او رحکومت کو غیر مستحکم کرکے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا جاتا رہا جس کا مقصد یہ تھاکہ سینیٹ کے انتخابات نہ ہوں اور جمہوریت آگے نہ بڑھے ۔

سینیٹ انتخابات کے کامیاب انعقاد نے جمہوریت کو آگے بڑھایا ہے اور اس سے غیر جمہوری قوتوں کو بری طرح سے ناکامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سینیٹ کی 12نشستوں پر انتخاب ہوا ہے اور اس میں (ن) لیگ کی کامیابی نواز شریف کی کامیابی ہے اور یہ ان طاقتوں کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین کی بالا دستی میں ہے اور پاکستان کی سیاست اورجمہوریت میں مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے کردار کو کسی طرح بھی مائنس نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ 11نشستوں پر کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ (ن) لیگ کا نشان ہٹانے کے باوجود (ن) لیگ کے اراکین اسمبلی نے اپنی قیادت کے نامزد کردہ لوگوں کو ووٹ دیا ، اس سے ثابت ہوتاہے کہ نواز شریف مقبول ترین عوامی لیڈر ہیں اور وہ اپنے مشن کو پورا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رائے کے فیصلے کو آمریت کے ہتھکنڈے سے دبایا نہیں جا سکتا ،کٹھ پتلی وزیر اعظم لانے او رکنٹرول جمہویرت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

نواز شریف کی قیادت میں آئین ،عوامی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت اور طاقت کی جنگ کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس پنجاب اسمبلی میں 12میں سے 11نشستوں پر کامیابی کیلئے عددی قوت تھی اور ہم نے اس کے مطابق کامیابی حاصل کی ہے اور مسلم لیگ کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ نہیں کی گئی ۔