سندھ میں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

خواتین سمیت کچھ ہمارے اراکین کو ہارس ٹریڈنگ کی وجہ سے مکیش کمار چالہ اور اویس شاہ کی گاڑی میں بیک ڈور سے پولنگ اسٹیشن لے جایا گیا ،میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 20:18

سندھ میں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ سندھ میں بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے، خواتین سمیت کچھ ہمارے اراکین کو ڈر خوف یا ہارس ٹریڈنگ کی وجہ سے مکیش کمار چالہ اور اویس شاہ کی گاڑی میں بیک ڈور سے پولنگ اسٹیشن لے جایا گیا ہے ، مجھ سمیت ہمارے سارے اراکین اپنا حساب دینے کے لیے تیار ہیں،پہلے آصف علی زرداری بھی اپنی تجوری کے گوشوارے جمع کرائیں،ہماری دو خواتین کو وزیراعلی کے چیمبر کے بعد پولنگ اسٹیشن کے اندرپہنچایا گیا،پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرفاروق ستار نے کہاکہ ہم مایوس نہیں ہیں کاش اتنے چوکس سیاستدان اور سیاسی پارٹیاں بھی ہوتیں،صبح سے دکھائی دینے والا منظر افسوسناک ہے ،پیپلز پارٹی نے کھلے عام ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کیا ہے ،پیپلز پارٹی اسے جمہوریت کہتی ہے ، پیپلز پارٹی اسے فری مارکیٹ اکانومی کہتی ہے،جمہوریت کے ساتھ خرید وفروخت کا یہ فارمولہ مناسب نہیں ہے،انہوں نے کہاکہ ارکان کی عزت کو سربازار نیلام کرکے بظاہر پوری عزت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کامران ٹیسوری کی تجوری کو مجھ سے منسوب کرنے والے سن لیں یہ باتیں تجوری بھرنے والوں کے ہی ذہن میں آسکتی ہیں،ناصر شاہ، ان کے سربراہ بتائیں کمایا کیا، لوٹا کیا، کتنا ٹیکس دیا اور کتنی جائیدادیں بنائیں فاروق ستار نے کہاکہ پیسوں کی ریل پیل سے ہی ہارس ٹریڈنگ ہوسکتی ہے، سینیٹ الیکشن اور اراکین کو اغوا کیا گیا ہے، سینیٹ الیکشن میں سندھ میں نیلام گھر سجایا گیا اور بولیاں لگائی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے لیے خود گھڑا کھودا ہے،الیکشن غیرجانبدارانہ اور شفاف نہیں ہے ، سینیٹ الیکشن کی غیرشفافیت پر الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری باجیوں سمیت چھ سے سات اراکین کو پیپلز پارٹی کے رہنما خود لے کر آئے تھے ،خواتین اراکین کو اپنا ڈر اور خوف مجھے بتانا چاہیے تھا،فاروق ستار نے کہاکہ بعض ارکان نے پارٹی ہدایت کی بھی خلاف ورزی کی ہے،اراکین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،ایسے لوگوں کو عوام میں بھی جانے کا حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم مضبوط تھی جبھی سب کی نظریں ہم پر تھیں،مہاجر ووٹر بہت سمجھدار ہے، ووٹر رہنماں کو مسترد کرسکتے ہیں مگر پارٹی کو نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عوام ایم کیو ایم میں مزید دھڑے برداشت نہیں کریں گے ،کامران ٹیسوری کے گوشوارے میں پیش کردوں گا،پہلے آصف علی زرداری بھی اپنی تجوری کے گوشوارے جمع کرائیں، انہوں نے کہاکہ عوام ایم کیو ایم کے 200 لوگوں کو چھوڑ کر نظریاتی لوگوں کو منتخب کرسکتی ہے ،سینیٹ الیکشن کے نتائج جو بھی آئیں اختلافات نہیں بڑھنے چاہیئیں۔

متعلقہ عنوان :