وکالت کا پیشہ نہایت کٹھن ہے اس میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، ملک رفیق رجوانہ

جونیئرز سینئرز سے سیکھیں ان کی عزت کریں، اپنے مقصد سے مخلص رہیں نمائندہ ہونے کی وجہ سے سوسائٹی آپ لوگوں کی جانب دیکھتی اور آپ کی رائے کو اہمیت دیتی ہے کالے کوٹ کی بڑی عزت ہے اسکی عزت کی بحالی کے لئے ہمیشہ آگے رہیں، گورنر پنجاب کا ڈسٹرکٹ بار ملتان کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 3 مارچ 2018 20:16

وکالت کا پیشہ نہایت کٹھن ہے اس میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، ملک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ وکالت کا پیشہ نہایت کٹھن ہے اس میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ جونیئرز سینئرز سے سیکھیں ان کی عزت کریں، اپنے مقصد سے مخلص رہیں۔ نمائندہ ہونے کی وجہ سے سوسائٹی آپ لوگوں کی جانب دیکھتی اور آپ کی رائے کو اہمیت دیتی ہے کالے کوٹ کی بڑی عزت ہے اسکی عزت کی بحالی کے لئے ہمیشہ آگے رہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک محبوب احمد سندھیلہ، جنرل سیکرٹری بارملک جاوید احمد او جلہ اور وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ملتان میری مادری بار ہے۔

(جاری ہے)

اس کی بہتری اور ساتھی وکلاء کے مسائل کے حل کے لئے آپ لوگوں کے ساتھ ہوںگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ملتان میرا گھر ہے اپنے گھر آمد کی خوشی کی کیفیت بیان نہیں کرسکتا۔ یہاں سے ملنے والی عزت میرے لیے اعزاز ہے۔ میری پیشہ وارانہ مہارت اور سیاست میں مقام مجھے اسی بار کی بدولت ملا ہے۔ یہ وکالت کی میری پہلی درسگاہ ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس دھرتی کے وکلاء بے پناہ صلاحیتوں کے ہیں اور وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوانا جانتے ہیں محنت کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں۔محنتی افراد کے لیے آگے بڑھنے کے راستے اللہ تعالیٰ بناتے ہیں آپ اپنے پیشے سے مخلص رہیں۔ آپ اعلیٰ اقدار کی غمازی کرتے ہیں۔ وکلاء سینئرز کو اہمیت دیں ان کے لئے سیٹ چھوڑ دیں، بار کے حوالے سے ڈالا گیا ملبہ میں نے برداشت کیا، جوڈیشنل کمپلیکس کے لئے بنیادی ضروریات کی فراہمی پر زوردیا۔

وکلاء اپنے مقصد سے مخلص رہیں اور سوسائٹی کو اچھی رائے دیں کیونکہ آپ کی رائے میں وزن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ کے بعد ملتان بار ایسوسی ایشن آیا ہوں اسی ڈسٹرکٹ بار نے میری آبیاری کی گورنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کے حل کے لئے 10لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے مطالبات کے لئے ان کے ساتھ ہوں اور بار معاملات کی بہتری کے لئے مشاورت کا عمل بھی جاری رکھوں گا۔

صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان ملک محبوب احمد سندیلہ نے کہا کہ ہمیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ ہم ان کی ملتان بار آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار کے معاملات بارے قائم کردہ کمیٹی میں گورنر پنجاب ہمارے معاونت کریں۔ اس دوران بارایسوسی ایشن نے وکلاء کے مسائل بھی بیان کئے۔تقریب سے جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن ملتان ملک جاوید اقبال اوجلہ ، خلیل احمد ثمرا ودیگر وکلاء نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ڈسٹرکٹ بار ملتان کے وکلاء میں گھل مل گئے اور وکلاء سے اپنی یادیں بھی تازہ کیں۔