مئی کے فیصلے سے قوم متحد ہوئی ،نواز شریف نئے عزم کیساتھ ملک وقوم کی خدمت کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں،کیپٹن (ر) صفدر

عمران خان نے امپائر کے منع کرنے کے باعث پارلیمنٹ کا رخ نہیں کیا ، جو لوگ کہتے تھے سینیٹ الیکشن نہیں ہونگے آج وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 19:52

مئی کے فیصلے سے قوم متحد ہوئی ،نواز شریف نئے عزم کیساتھ ملک وقوم کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ 28 مئی کے فیصلے نے قوم کو نہ صرف متحد کیا بلکہ نواز شریف نئے عزم کیساتھ ملک وقوم کی خدمت کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں،عمران خان نے امپائر کے منع کرنے کے باعث پارلیمنٹ کا رخ نہیں کیا ، جو لوگ کہتے تھے سینیٹ الیکشن نہیں ہونگے آج وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں ۔

ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن جمہوریت کے تسلسل کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28جولائی کے متنازعہ فیصلے کے بعد مسلم لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔اس فیصلے نے قوم کو نہ صرف متحد کیا بلکہ محمد نواز شریف نئے عزم کیساتھ ملک وقوم کی خدمت کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج وہ لوگ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں جو کہتے تھے کہ سینیٹ کے انتخابات نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی نہ ہی اسے اس کی ضرورت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو امپائر نے منع کردیا تھا کہ پارلیمنٹ مت جانا پچ گیلی ہے جس کی وجہ سے وہ آج ووٹ کاسٹ کرنے بھی نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج عمران خان پارلیمنٹ سے غائب ہیں اس طرح رات سے ان کے 22ایم پی اے غائب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ہر جگہ پیش ہو کر مثال قائم کی ہے چاہے وہ جے آئی ٹی ہو یا نیب ،لیڈر جیلوں میں جاتے رہتے ہیں ان کا نظریہ زندہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سے جانے والوں کی اگلے الیکشن میں ضمانتیں ضبط کرا دینگے۔