قومی سلامتی اور ملکی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا ،میں نواز شریف کے بیانئے کا ہر اول دستہ ہوں،سینیٹر مشاہد حسین سید

مخالفین نے مسلم لیگ (ن) کیخلاف منصوبہ بندی ، نادانوں کو معلوم نہیں تمام فیصلوں کی چابی اللہ کے پاس ہے، آج حریفوں نے بھی ہمیں ووٹ دیا، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 19:52

قومی سلامتی اور ملکی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا ،میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اور ملکی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا ،میں نواز شریف کے بیانئے کا ہر اول دستہ ہوں،مخالفین نے مسلم لیگ (ن) کیخلاف منصوبہ بندی ، نادانوں کو معلوم نہیں تمام فیصلوں کی چابی اللہ کے پاس ہے، آج حریفوں نے بھی ہمیں ووٹ دیا۔

ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ ، نو منتخب سینیٹراسد جونیجو ودیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنماء و نو منتخب سینیٹرمشاہد حسین سیدنے کہا کہ اپنی کامیابی پر نواز شریف کا ممنون ہوں کہ مجھے اور اسد جونیجو کو ٹکٹ دے کر اعتماد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں یہ مسلم لیگ (ن) کی فتح ہے اور میری سیٹ مسلم لیگ (ن) کی امانت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج سینیٹ کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 95 فیصد رہا، مخالفین نے مسلم لیگ (ن) کیخلاف منصوبہ بندی کی، پلان اے بی سی بنایا اور پارٹی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن ان نادانوں کو معلوم نہیں، ان تمام فیصلوں کی چابی اللہ تعالیٰ کے پاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام اتحادی پارٹیوں سمیت ووٹ ڈالنے والوں کا شکر گزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی ترقی کیلئے سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا اور میں نواز شریف کے بیانئے کا ہر اول دستہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پاکستان سے یہ پیغام جائے کہ تمام سازشوں کو ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، آج ہمارے حریفوں نے بھی ہمیں ووٹ دیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب سینیٹر اسد جونیجو نے کہا کہ میں سب سے پہلے اپنی کامیابی پر اللہ رب العزت اور اس کے بعد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم پر اعتماد کیا گیا، ٹکٹ دیا، مسلم لیگ (ن) نیسینیٹ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا اور اسی طرح دوسری سیاسی جماعتوں نے بھی بھرپور طریقے سے حصہ لیا، میں ووٹ ڈالنے والے تمام اراکین قومی اسمبلی، سیاسی جماعتوں اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے ووٹ دے کر ہمیں کامیاب بنایا۔