تمام تر سازشوں کے باوجود سینیٹ انتخابات جمہوریت کی فتح ہے، مشاہد اللہ خان

نوٹوں سے دنیا کی ہر چیز خریدی جا سکتی ہے مگر پاکستان کے عوام کے ضمیر کو نہیں خریدا جا سکتا،پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو شکست ہوئی ہے، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 3 مارچ 2018 19:52

تمام تر سازشوں کے باوجود سینیٹ انتخابات جمہوریت کی فتح ہے، مشاہد اللہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ تمام تر سازشوں کے باوجود سینیٹ انتخابات جمہوریت کی فتح ہے، نوٹوں سے دنیا کی ہر چیز خریدی جا سکتی ہے مگر پاکستان کے عوام کے ضمیر کو نہیں خریدا جا سکتا،پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔ہفتہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر نو منتخب سینیٹر مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے سینیٹ کے انتخابات سے اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نواز شریف کیساتھ پہلے ہی کھڑے تھے اور اب بھی کھڑے ہیں، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سازشیں پاکستان کی عوام کا راستہ نہیں روک سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج وہ غیر جمہوری قوتیں جو اشاروں سے باتیں کرتے تھے، ایم پی اے کو خریدنے کی کوششیں کی مگر ناکام رہے، نواز شریف کی پارٹی کے لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے آئے، سب نواز شریف کو لیڈر مانتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کسی خرید و فروخت کا حصہ نہیں، صوبے میں ووٹ خریدنے کی اطلاع ہے کہ چھ ووٹ کھلے عام خریدے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو شکست ہوئی جنہوں نے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی اور اپنے امیدواروں کو ووٹ ڈالنے نہیں آئے، وہ کس منہ سے پارلیمنٹ ووٹ ڈالنے آتے، ان تمام باتوں کا جواب 2018ء کے عام انتخابات میں عوام دیں گے۔