ڈینگی ملازمین کیلئے جلد بڑی خوشخبری، مستقل کرنے کی سمری وزیراعلی پنجاب کو ارسال، جلد منظور کر لی جائیگی‘ خواجہ عمران نذیر

پنجاب کی تاریخ میںپہلی دفعہ40بنیادی مراکز صحت نے مینیم سروس ڈلیوری لائسنس کے حصول کے لیے کوالیفائی کیا ہے‘صوبائی وزیر

ہفتہ 3 مارچ 2018 18:09

ڈینگی ملازمین کیلئے جلد بڑی خوشخبری، مستقل کرنے کی سمری وزیراعلی پنجاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2018ء) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی ملازمین محکمہ صحت کے ماتھے کا جھومر ہیں انھیں جلد بڑی خوشخبر ی ملنے والی ہے ،ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری وزیراعلی پنجاب کو بھیج دی گئی ہے جس کو جلد منظور کر لیا جائے گا،سیکنڈ ہیلتھ ویک کے دوران اٹک سے راجن پور تک تمام مراکز صحت میں 9لاکھ سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی جو ہمارے ٹارگٹ سے کہیں زیادہ ہے ،ان کیمپس میں نو سے زائد بیماریوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں،انہوں نے ہیلتھ ویک کے کامیاب انعقاد پر محکمہ صحت کے تمام ملازمین کومبارکبادپیش کی۔

یہ بات صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے 27ویں سی ای اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر ٖفیصل ظہور،ایڈیشنل سیکرٹری،ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اختر رشید،پراجیکٹ ڈائریکٹرز ،تمام اضلاع کے چیف ہیلتھ آفیسرزاور ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈرہیلتھ کیئر مراکز صحت میںجدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ معیاری طبی سہولیات کو یقینی بنا رہا ہے۔انھوںنے کہاکہ پنجاب کی تاریخ میںپہلی دفعہ 21بنیادی مراکز صحت جن میں لاہور،قصور،وہاڑی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد،ساہیوال،حافظ آباد ،لودھراں اور پاکپتن کے بی ایچ یوز شامل ہیں ،نے مینیم سروس ڈلیوری لائسنس کے حصول کے لیے کوالیفائی کیا ہے،جو کہ انتہائی اہم کامیابی ہے جبکہ اس سے قبل 19،BHUکوالیفائی کر چکے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں وبائی امراض پر کنٹرول کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا ۔انھون نے کہا کہ سندھ اور کے پی کے میں خسرہ اور ٹائیفائیڈ کے کیس سامنے آئے ہیں پنجاب میں اس حوالے سے تمام اقدامات قبل از وقت مکمل کر لیے جائیں۔ انھوں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ لاکڑہ کاکڑہ، خسرہ اور ٹائیفائیڈ کی اپنی متعلقہ اضلاع میں خصوصی نگرانی کریں۔

اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے تمام اضلاع کے افسران کو سیکنڈ ہیلتھ ویک کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا اورانھیں مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔کانفرنس میں تمام سی ای اوز کو ڈی جی ہیلتھ سروسز نے تمام مراکز صحت کی مانیٹرنگ اور معائنے کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے پراجیکٹس کے حوالے سے سی ای اوز کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :