سینیٹ انتخابات : پولنگ کا وقت ختم ہوگیا‘ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 3 مارچ 2018 16:16

سینیٹ انتخابات : پولنگ کا وقت ختم ہوگیا‘ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 03 مارچ۔2018ء) قومی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ انتخابات کے لیے ہونے والی پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ سینیٹ کی 52 نشستوں پر 131 امیدواروں نے حصہ لیا، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک ہوئی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں پولنگ انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ کہیں سے ہارس ٹریڈنگ کی کوئی شکایت نہیں ملی۔

سینیٹ الیکشن میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ( ن) کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخاب لڑا، پیپلزپارٹی اکثریت برقرار رکھ پائے گی یا اس بار ایوان بالا کی حکمرانی حکمراں جماعت کے حصے میں آئےگی ؟فیصلہ آج ہوجائے گا۔سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پنجاب کی 12 نشستوں پر 20 امیدواروں میں ، سندھ کی 12 نشستوں پر33 ، خیبر پختونخوا میں 11 نشستوں پر 26 جبکہ بلوچستان کی11 نشستوں پر23 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، جبکہ فاٹا کی 4 نشستوں پر 24 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 5 امیدوار مد مقابل تھے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ الیکشن کے لئے ووٹنگ وقت مقرر پر شروع ہوئی، وفاقی وزیر رانا تنویر نے قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ودیگر نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں ووٹ ڈالا،انہوں نے کہا کہ کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے قومی اسمبلی میں نہیں آئے۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ بلوچستان اسمبلی میں گیارہ بجے تک کسی رکن اسمبلی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا،تاہم تقریبا ًسوا گیارہ بجے نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی سرداراسلم بزنجو نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔سینیٹ الیکشن کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے اسمبلیوں کی سیکورٹی رینجرز کے سپرد کر رکھی ہے اور رینجرز کی بھاری نفری اسمبلیوں پر تعینات ہے۔

متعلقہ عنوان :