خیبر پختون خواہ اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 3 مارچ 2018 13:58

خیبر پختون خواہ اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 03 مارچ۔2018ء) خیبر پختون خواہ اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے دوران ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوگئی۔خیبرپختون خوا ہ اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو کوٹ اتار کر ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے جبکہ پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔

اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔ اسپیکر اسمبلی نے کوٹ پہن کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اس پر شور شرابا کیا۔ ریٹرننگ افسر (آر او) نے ضیااللہ افریدی اور نگہت اورکزئی کے اعتراض کرنے پر اسپیکر سے کوٹ اتاروادیا۔ کوٹ اتارنے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اسمبلی میں دوبارہ ہنگامہ آرائی ہوئی جب نگہت اورکزئی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی کے مابین جھڑپ ہوگئی۔

(جاری ہے)

نگہت اورکزئی نے کوٹ نہ اتارنے پر اعتراض کیا اور فضل الہی غصے میں آگئے اور بولے روک سکتے ہو تو روک لو کوٹ نہیں اتاروں گا لیکن الیکشن عملے کے کہنے پر فضل الہی کو کوٹ اتارنا پڑا جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔کے پی اسمبلی میں صوبائی وزیر مشتاق غنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں، ارکان اسمبلی تمام تر قواعد و ضوابط پورے کررہے ہیں، پرامن طریقے سے سینٹ انتخابات ہوں گے۔ مسلم لیگ( ن) کے رہنما امیر مقام نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن، اے این پی اور جماعت اسلامی مل کر سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم نے میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :