مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے، ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا:شہبازشریف

ْ دیہات میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو حاصل ہے ہر چھوٹے بڑے شہر کو لاہور ملتان جیسا ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانا چاہتے ہیں،اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 2 مارچ 2018 22:42

مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے، ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا ..
لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے۔ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بنائے، عوام کی عدالت میں آج ہم سرخرو ہیں۔ میں ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہا ہوں اور اس حوالے سے میرے دامن پر کوئی داغ نہیں۔

جھوٹے الزامات لگانے والوں کو سوچنا چاہیئے کہ سرمایہ کاری کرنے والے دوسرے ممالک کیا سوچتے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خدمت کی سیاست کی، مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے۔

(جاری ہے)

جھوٹ بولنے والوں نے اپنا کام کیا اور ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا۔ مخالفین الزامات کی گرد سے ترقی کے منظرنامے کو دھندلا نہیں سکتے۔ سچ سچ ہوتا ہے ، ہزار جھوٹ بھی مل کر ایک سچ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال جھوٹ کی سیاست کرنے والے پنجاب کے تیزی سے تکمیل کو پہنچتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب کے ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔

حکومت پنجاب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز مختص کئے اور اربوں روپے کی لاگت سے پنجاب کے دیہات میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں بنانے کا اعزاز بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو حاصل ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب میں دیہات کی صفائی کا منظم پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کو لاہور ملتان جیسا ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میںوفاقی وزیر انجینئرخرم دستگیرخان ،سینیٹر سلیم ضیاء،اراکین صوبائی اسمبلی،امتیاز احمد لالی،علی عباس کھوکھراورعامرحیات ہراج شامل تھے ۔