سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا

جمعہ 2 مارچ 2018 21:33

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی ازخود ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے سندھ کے علاقہ عمر کوٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما نواب زید تالپواوران کے بیٹے کی جانب سے مقامی ایس ایچ اواوردیگراہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں ملزمان کیخلاف پولیس کی کارروائی پرمبنی رپورٹ کوتسلی بخش قراردیتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے ۔

جمعہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ نشے میں دھت باپ بیٹے نے پولیس کی گاڑی میں زبردستی بیٹھ کر تھانہ کنری کے ایس ایچ اوتصورجٹ اوردیگراہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی انتہا کرتے ہوئے ان کوزمین پربیٹھنے کاحکم دیا تھا جس کے خلاف چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ملزمان کے خلاف کارروائی کرکے عدالت میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی ، سماعت کے دوران آئی جی سندھ کی جانب سے اس حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق ملزم زیدتالپور اور حسن تالپور کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ باپ بیٹے کے خلاف ٹرائل کورٹ میں چالان پیش کر دیا گیا جہاں ان پر فرد جرم عائد کر کے ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے، عدالت نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔