وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،ْ چوہدری شریک نہیں ہوئے

سابق وزیر داخلہ سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کے بعد چلے گئے ،ْ اجلاس کے دور ان ارکان کو سینٹ انتخابات میں پولنگ سے متعلق بریفنگ سینیٹ ا نتخابات میں ہمارے نامزد امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی ہے ،ْوزیر اعظم چوہدری نثار قابلِ احترام انسان ہیں، وہ کبھی بھی اپنی جماعت نہیں چھوڑیں گے اور نا ہی علیحدہ ہوں گے ،ْشیخ آفتاب احمد

جمعہ 2 مارچ 2018 20:25

وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،ْ چوہدری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2018ء) سینیٹ انتخابات سے متعلق لائحہ عمل کی تیاری کے لیے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 132 اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی تاہم سابق وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار شریک نہیں ہوئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیاجس کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں 132 ارکان نے شرکت کی تاہم سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرکے واپس چلے گئے۔اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں پولنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ پولنگ کے عمل میں ضرور حصہ لیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سینیٹ ا نتخابات میں ہمارے نامزد امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے اتحادیوں نے یقین دہانی کرائی ہے امید ہے کہ ہمارے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

چوہدری نثار کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار قابلِ احترام انسان ہیں، وہ کبھی بھی اپنی جماعت نہیں چھوڑیں گے اور نا ہی علیحدہ ہوں گے، سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے بھی آئیں گے، چھوٹے موٹے اختلافات گھروں میں بھی ہوتے ہیں، اگران کے کوئی تحفظات یا اختلاقات ہیں تو انہیں مل جل کر حل کریں گے۔