زخمی شیر ڈیرن سیمی نے بازی پلٹ دی، آخری چند گیندوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے فتح چھین لی

muhammad ali محمد علی جمعہ 2 مارچ 2018 00:16

زخمی شیر ڈیرن سیمی نے بازی پلٹ دی، آخری چند گیندوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ..
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ2018ء) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے10ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5وکٹوں سے شکست دیکر کامیابی اپنے نام کرلی ہے ۔ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ 3 کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی طرف سے تمیم اقبال اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 23 رنزکا آغاز فراہم کیا لیکن کامران اکمل صرف 10 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، ان کی وکٹ شین واٹسن کے حصے میں آئی۔

جس کے بعد ڈوین سمتھ بیٹنگ کے لیے آئے اور تمیم اقبال کے ساتھ سکور بورڈ میں 30 رنز کا اضافہ کیا مگر وہ بھی 23 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

حفیظ اور تمیم نے تیسری وکٹ کیلئے 54رنز جوڑے جس کے بعد حفیظ ہیسٹنگز کا شکار بن گئے ۔تمیم اقبال 36رنز بنا کر انور علی اور سرفراز کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بنے ۔صابر رحمان کو 11رنز پر راحت علی نے اپنا شکار بنایا ،زخمی ڈیرن سیمی نے پہلے 19ویں اوور کی آخری گیند پر چھکا لگایا اور پھر میچ کے آخری اوور میں انور علی کو چھکا اور چوکا لگاکر میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے چھین لیا ،پشاور کے کپتان16رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے،کوئٹہ کی جانب سے شین واٹسن،راحت علی، محمد نواز اور ہیسٹنگز نے 1، 1وکٹ لی ۔

اس سے قبل آل راﺅنڈر شین واٹسن کی جارحانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز اسکور کیے۔کوئٹہ کے بلے باز پاور پلے سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے جس کے دوران صرف 31 رنز ہی بن سکے۔پہلے آﺅٹ ہونےوالے بلے باز اسد شفیق تھے جو سمین گل کی گیند پر صابر رحمان کو کیچ دے بیٹھے تاہم پاور پلے کے بعد شین واٹسن کی جارحانہ بیٹنگ نے اننگز کو سہارا دیا۔

انہوں نے محمد اصغر کے ایک اوور میں لگتار تین چھکے بھی لگائے۔عمر امین بھی واٹسن کی طرح جارحانہ بلے بازی کرنا چاہتے تھے تاہم وہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی گیند پر وہاب ریاض کو کیچ دے سکے۔واٹسن خالد عثمان کی گیند پر ایک اور چھکا لگایا تاہم اسی اوور میں وہ 32 گیندوں پر 47 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔واٹسن کی اننگز کے بعد کوئٹہ کی اننگز تسلسل کھو بیٹھی اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گنواتی رہی۔

کیون پیٹرسن بھی گزشتہ میچ کی پرفارمنس نہیں دکھاپائے اور 5 رنز بناکر ڈیرن سیمی کی گیند پر محمد اصغر کو کیچ دے کر آﺅٹ ہوگئے۔میچ کے دوران زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی انجری کا شکار ہوکر گراﺅنڈ سے باہر چلے گئے تاہم ان کی انجری کی نوعیت ابھی واضح نہیں۔پیٹرسن کے بعد اگلے آﺅٹ ہونے والے بلے باز ریلی روسو تھے جنہوں نے 25 گیندوں پر 37 رنز بنائے تاہم عمید کی گیند پر صابر رحمان کو کیچ دے بیٹھے۔

سرفراز اور محمد نواز بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 17 اور 3 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔پشاور کی جانب سے عمید آصف، ڈیرن سیمی اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ سمین گل اور خالد عثمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔پشاور زلمی میں دو تبدیلیاں کی گئیں، کرس جورڈن کی جگہ صابر رحمان جبکہ ابتسام شیخ کی جگہ سمین گل کو موقع دیا گیا ہے۔دوسری جانب مڈل آرڈر بلے باز محمود اللہ کی جگہ ریلی روسوو کو گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔