ہنگو میں یوم شہری دفاع کی مناسبت سے تقریب اور آگاہی ریلی کا انعقاد

جمعرات 1 مارچ 2018 23:40

ہنگو۔یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء)یوم شہری دفاع کے حوالے سے ٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر محمد علی شاہ،ٹی ایم او ٹل عالمیر خان، ٹیکس سپر ڈنٹ نثار محمد ، تاجران ایسو سی ایشن صدر عبد الوقار ، منتخب ناظمین و کونسلران، سمیت شہری دفاع کے رضہ کار تنظیم کے عہدیداران اور ورکرز نے کژیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہری دفاع کے چیف وارڈن رفیق بادشاہ نے شہری دفاع کے اعراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہری دفاع کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے ۔ سول ڈیفنس نے ہمیشہ سے جنگ ، دہشت گردی و دیگر مختلف واقعات میں متاثرین کی بھر پور خدمت کرتے ہوئے مظلوموں کی داد رسی کی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سمیت قدرتی آفات و حادثات اور ہنگامی حالات سے بطریق احسن نمٹنے کے لئے شہریوں کی خصوصی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں شہری دفاع کے عملی تربیت کو طالب علموں کی زندگی کا حصہ بنانے کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد علی نے کہا کہ معاشرے میںشہری دفاع تنظیم کاہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے جبکہ عوام کی خدمت میں سول ڈیفنس تنظیم پیش پیش ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری دفاع تنظیم کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔

تقریب سے یونین صدر عبد الوقار ،ہیڈ وارڈن عصمت اللہ ،ہارون بنگش،ناظم شہزاد،ناظم مفتی محمد دین ،ڈرگ ایسو سی ایشن سنئیر نائب صدر نظیر احمد،پرنسپل عبد الرفیع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں شہری دفاع تنظیم اور موجود تمام شرکاء اور نجی تعلیمی اداروں کے طلباء کی جانب سے ٹل پارک سے بنوں چوک تک یوم شہری دفاع کے مناسبت سے آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔